عارف حبیب کنسورشیم نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) 135 ارب روپے میں خرید لی۔لکی گروپ نے اس دوران آخری بولی 134 ارب روپے تک بڑھائی تھی۔
نجکاری کے دوسرے مرحلے میں بولی کے دوران لکی گروپ نے ابتدا میں 115 ارب 50 کروڑ روپے کی بولی دی، جس پر عارف حبیب گروپ نے 116 ارب روپے کی پیشکش کی۔
بعد ازاں بولیوں کا سلسلہ بڑھتا گیا اور عارف حبیب گروپ نے بالآخر بولی 135ارب روپے کر دی جو کہ حتمی قرار پائی۔ لکی گروپ کی جانب سے 134ارب تک کی بولی بھی دی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : سوزوکی کلٹس 2026 کی قیمتیں جاری
اس سے قبل پی آئی اے کی نجکاری کا پہلا مرحلہ بھی مکمل کیا گیا، جس میں تین پری کوالیفائیڈ بڈرز نے بولیاں جمع کرائیں۔ بولیوں کے کھلنے کے بعد پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ ریفرنس قیمت کا تعین کرے گا، جس کے بعد کابینہ کمیٹی برائے نجکاری حتمی منظوری دے گی۔
مشیر نجکاری محمد علی نے کہا کہ 20 سال کے بعد یہ سب سے بڑی نجکاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریفرنس پرائس بورڈ کی منظوری کے بعد کابینہ کمیٹی کے پاس جائے گی اور حتمی فیصلے کے بعد قومی ایئر لائن کی ملکیت نجی ہاتھوں میں منتقل ہو جائے گی۔





