پشاور :آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ ضلع کرم میں امن و امان کا قیام نہ صرف مقامی آبادی بلکہ پورے خطے کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذوالفقار حمید کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس پشاور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع کرم کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی پیز آپریشنز محمد علی بابا خیل، سپیشل برانچ کاشف عالم، سی ٹی ڈی جواد قمر، ڈی آئی جیز ہیڈ کوارٹرز عرفان طارق اور فنانس فدا حسن نے شرکت کی جبکہ آر پی او کوہاٹ عباس مجید مروت ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں ضلع کرم میں جرائم پیشہ اور دہشت گرد عناصر کے خلاف پولیس کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات، مرکزی کرم میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور آئندہ کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آر پی او کوہاٹ نے بتایا کہ جغرافیائی اہمیت، دشوار گزار علاقے اور بعض بیرونی عناصر کی تخریبی سرگرمیوں کے باعث ضلع کرم میں سیکیورٹی کے چیلنجز موجود ہیں، جس پر پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے باہمی اشتراک سے متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے ہدایت کی کہ ضلع کرم میں امن و امان کے قیام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ جرائم پیشہ، دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کی تفصیلی فہرستیں تیار کر کے ان کے خلاف مربوط کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں : 170 کامیاب کارروائیاں، بنوں پولیس نے دہشت گردوں کے منصوبے خاک میں ملا دیے
مزید یہ کہ چیک پوسٹوں کی تعداد بڑھائی جائے، پولیس اور کانسٹیبلری کی نفری میں اضافہ کیا جائے اور مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
ذوالفقار حمید نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے دیرپا امن کے قیام کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ناخوشگوار واقعات سے بچا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ضلع کرم میں امن کا قیام نہ صرف مقامی آبادی بلکہ پورے خطے کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔





