پنجاب حکومت اس قدر خوفزدہ ہو چکی ہے کہ قیام و طعام کے لیے مختص مقامات بھی بند کر دیے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے دورہ لاہور کے دوران چکری میں قیام و طعام کے لیے مختص ایریا کو پنجاب پولیس کی جانب سے سیل کیے جانے پر پنجاب حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت اس قدر خوفزدہ ہو چکی ہے کہ اس نے قیام و طعام جیسے بنیادی سہولیات کے مقامات بھی بند کر دیے ہیں، انہوں نے کہا کہ قیام و طعام کے مقامات کو سیل کرنا حکومت کے خوف کی واضح علامت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم شروع دن سے یہ کہتے آ رہے ہیں کہ یہ لوگ عوام کے منتخب نمائندے نہیں ہیں، عوامی نمائندوں کا راستہ روکنا دراصل عوام کی آواز دبانے کی ایک ناکام کوشش ہے۔

سہیل آفریدی نے مزہد کیا کہ جن حکمرانوں میں عوام کا سامنا کرنے کا حوصلہ نہیں ہوتا وہی سڑکیں، راستے اور سہولتیں بند کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اقتدار کے سہارے عوامی حقوق سلب کرنا جمہوریت نہیں بلکہ کھلی آمریت ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ عوام اب جان چکے ہیں کہ خوف زدہ حکمران بند دروازوں کے پیچھے فیصلے کرتے ہیں،  ایسی پالیسیاں زیادہ دیر تک عوام کو خاموش نہیں رکھ سکتیں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی منتخب پارلیمنٹیرینز کے ہمراہ دورۂ لاہور کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔

پنجاب حکومت نے خوف و بوکھلاہٹ میں چکری کے مقام پر قیام کے لیے مختص ایریا کو سیل کر دیا اور پنجاب پولیس نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا راستہ بھی روکا۔

ان کا کہنا تھا کہ ریسٹ ایریا کو سیل کرنا اور راستہ روکنا پنجاب حکومت کے خوف کی واضح علامت ہے جو عوام کی آواز دبانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا دورہ لاہور،اہم سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں متوقع

شفیع جان نے مزید کہا کہ حسن ابدال اور چکری میں کارکنوں کے شاندار استقبال سے پنجاب حکومت خوفزدہ ہو گئی ہے، پنجاب پر زبردستی مسلط حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے ہمیں خوفزدہ نہیں کر سکتے۔

شفیع جان کا کہنا ہے کہ ایک منتخب وزیراعلیٰ کا دیگر صوبوں کا دورہ آئینی، قانونی اور جمہوری حق ہے، جبکہ لاہور میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے استقبال کے لیے کارکنوں کا جوش و جذبہ عروج پر ہے۔

Scroll to Top