پنجگور: سیکیورٹی فورسز کا بڑا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 2 اہم کمانڈروں سمیت 4 دہشتگرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے تَسْپ میں انٹیلی جنس بنیادوں پر ایک کامیاب اور فیصلہ کن کارروائی کے دوران دو اہم دہشتگرد کمانڈروں سمیت چار دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ سرکاری اور سیکیورٹی ذرائع نے کارروائی کی تصدیق کر دی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ آپریشن مصدقہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا، جن میں بتایا گیا تھا کہ علاقے میں شدت پسند تنظیموں کے اہم کمانڈر موجود ہیں۔ اطلاعات کی تصدیق کے بعد فورسز نے علاقے کا گھیراؤ کیا، جس پر دہشتگردوں نے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے فائرنگ شروع کر دی۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں چاروں دہشتگرد مارے گئے۔
ہلاک ہونے والوں میں کمانڈر عبدالمطلب اور کمانڈر سلیم عرف رکتی شامل ہیں، جو شدت پسند تنظیموں میں کلیدی حیثیت رکھتے تھے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کمانڈر عبدالمطلب ایک ہائی ویلیو ٹارگٹ تھا اور ماضی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) میں ملازمت بھی کر چکا تھا۔ وہ متعدد دہشتگردی کی سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔
ذرائع کے مطابق کارروائی نہایت منظم منصوبہ بندی کے تحت انجام دی گئی، جس میں تکنیکی ذرائع سے انٹیلی جنس کی مزید تصدیق کی گئی۔ اسپیشل فورسز کے دستوں نے علی الصبح کارروائی کرتے ہوئے عمارت سے باہر آنے والے دہشتگردوں کو نشانہ بنایا۔ کلیئرنس آپریشن مکمل ہونے کے بعد تمام اہلکار بحفاظت اپنی بیس پر واپس پہنچ گئے۔
ہلاک دہشتگردوں کی شناخت عبدالمطلب ولد عبدالقادر ساکن عیسائی پنجگور، حکیم ولد حاصل خان ساکن کالگ پنجگور، اور اکبر ولد برکت ساکن نوروز تحصیل و ضلع کیچ (تربت) کے طور پر ہوئی، جبکہ چوتھے دہشتگرد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ دہشتگرد بلوچستان میں متعدد سنگین اور ہلاکت خیز کارروائیوں میں ملوث تھے، جن میں 31 اگست کو کوئیک سپورٹ پٹرول پر حملہ، ستمبر میں این-85 پر ناکہ بندی، اکتوبر میں نیوان کور میں سیکیورٹی ٹیم پر گھات لگا کر حملہ جس میں چار اہلکار شہید ہوئے، گوارگو کے قریب پی ٹی سی ایل کمیونیکیشن ٹاور کی توڑ پھوڑ، 2 دسمبر کو پنجگور ہیڈکوارٹر پر راکٹ حملہ، پنچی پولیس اسٹیشن پر حملہ، اور 20 دسمبر کو آر ڈی-72 پوسٹ پر حملہ شامل ہے، جس میں چار سیکیورٹی اہلکار شہید اور دو زخمی ہوئے تھے۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا، جس میں تین اے کے-47 رائفلیں، ایک ایم-16 رائفل، سینکڑوں گولیاں، دستی بم، تھریا سیٹلائٹ فون، وائرلیس سیٹس، متعدد موبائل فونز، بینڈیولرز، ایک ٹویوٹا ڈبل کیبن گاڑی اور 79 ہزار روپے نقد شامل ہیں۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ اس کامیاب کارروائی سے پنجگور میں سرگرم دہشتگرد نیٹ ورکس کو شدید نقصان پہنچا ہے اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کے عزم کو مزید تقویت ملی ہے۔ فورسز نے واضح کیا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔





