پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ ماضی کی شکایات کے بجائے آئندہ انتخابات اور انتخابی شفافیت پر بات کی جا رہی ہے۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نے زور دیا کہ جمہوریت کی مضبوطی کے لیے انتخابات میں شفافیت اور مشترکہ نگرانی ناگزیر ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ گزشتہ واقعات کی تفصیلات میں پھنسنے کے بجائے مستقبل پر توجہ دی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی مکالمے میں معاشی حالات، دہشت گردی اور گورننس جیسے اہم قومی ایشوز پر بات چیت جاری ہے۔
اسد قیصر نے کہا عوامی منتخب نمائندوں کے لیے شفاف عمل اور مؤثر احتساب کو یقینی بنانا ضروری ہے جبکہ سیاسی جماعتیں مشترکہ ایجنڈے پر کام کرنے اور عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لیے تیار ہیں۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ جمہوریت کی تقویت کے لیے قانون کی بالادستی اور شفاف انتخابی نظام کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے، پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو عملی اقدامات کے لیے آگے بڑھنے اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی منظم طریقے سے ملکی اداروں کے خلاف مہم چلا رہی ہے،طلال چوہدری
انہوں نے سیاسی اختلافات کے باوجود وحدت اور قومی مفاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی مباحثے میں ذاتی حملوں اور بے بنیاد الزامات سے گریز کیا جانا چاہیے کیونکہ مخالف جماعتوں کے خلاف غیر ذمہ دارانہ الزامات عوامی اعتماد کو متاثر کر سکتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے مزید کہا کہ مثبت اور بامقصد سیاست ہی جمہوری استحکام اور عوامی فلاح کا راستہ ہے۔





