برطانوی اخبار ٹیلی گراف نے اپنی ایک رپورٹ میں اعتراف کیا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات ایک نئے اور مضبوط دور میں داخل ہو چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کابل حملے کے ماسٹر مائنڈ کی گرفتاری کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی فضا بہتر ہوئی اور دوطرفہ تعلقات میں نمایاں پیش رفت دیکھنے میں آئی۔
ٹیلی گراف کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملزم کی گرفتاری پر پاکستان کی تعریف کی جسے انسدادِ دہشت گردی میں باہمی تعاون کی بڑی مثال قرار دیا گیا۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران جنگ رکوانے میں صدر ٹرمپ نے اہم کردار ادا کیا تاہم جہاں پاکستان نے جنگ بندی کے لیے امریکی ثالثی کو سراہا وہیں بھارت نے اس کردار کو تسلیم نہیں کیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان نے صدر ٹرمپ کی امن کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے انہیں نوبل امن انعام کے لیے نامزد کیا جسے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اعتماد کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
ٹیلی گراف کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر اعظم کے دورۂ امریکا کے بعد پاک امریکا تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
اخبار کے مطابق امریکا نے پاکستان کو کئی دیگر ممالک کے مقابلے میں بہتر ٹیرف ریٹس دیے جبکہ امریکی کمپنیوں کے لیے پاکستان میں معدنی ذخائر کھولنے کے معاہدے بھی کیے گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے تقریباً 6 ٹریلین ڈالر مالیت کے معدنی ذخائر امریکی کمپنیوں کے لیے کھولنے کی پیشکش کی ہے، جسے معاشی تعاون میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیا گیا۔
ٹیلی گراف کے مطابق غزہ جنگ بندی معاہدے کی تقریب کے دوران صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سراہا اور انہیں اپنا پسندیدہ فیلڈ مارشل قرار دیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان نے خود کو مشرق وسطیٰ میں ایک اہم اسٹریٹجک کھلاڑی کے طور پر پیش کیا ہے، جبکہ ایران اور سعودی عرب کے ساتھ بھی پاکستان کے قریبی تعلقات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: انڈونیشین صدر کا چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سیلوٹ، ویڈیو وائرل
برطانوی اخبار کے مطابق ان تمام پیش رفتوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات اب سفارتی حدود سے آگے بڑھ کر اسٹریٹجک، دفاعی اور معاشی شراکت داری کی نئی سطح پر پہنچ چکے ہیں۔





