پاک بھارت کشیدگی نے پاکستان کو عالمی اسٹریٹجک سپر پاور میں تبدیل کر دیا،عالمی جریدے کا اعتراف

پاک بھارت کشیدگی نے پاکستان کو عالمی اسٹریٹجک سپر پاور میں تبدیل کر دیا،عالمی جریدے کا اعتراف

عالمی جریدے کیرولائنا پولیٹیکل ریویو نے پاکستان کی حکومت اور عسکری قیادت کی حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی نے پاکستان کو عالمی سطح کی ایک اسٹریٹجک طاقت میں بدل دیا ہے۔

جریدے کے مطابق پاکستان نے اپنی جغرافیائی اہمیت، دفاعی صلاحیت اور سفارت کاری کے ذریعے عالمی سیاست میں دوبارہ کلیدی مقام حاصل کیا ہے۔ کیرولائنا پولیٹیکل ریویو کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مئی 2025 میں پاک بھارت کشیدگی نے پاکستان کی دفاعی ساکھ کو مضبوط کیا۔ اس دوران پاکستان نے مؤثر سفارت کاری کے ذریعے واشنگٹن کے اعتماد کو بحال کیا اور اپنے موقف کو عالمی سطح پر نمایاں کیا۔ جریدے کے مطابق پاکستان منفرد طور پر جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا، مغربی ایشیا اور مشرق وسطی کے سنگم پر موجود ہے، جس کی وجہ سے اس کی اسٹریٹجک اہمیت عالمی سطح پر بڑھی ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی بندرگاہیں، خاص طور پر گوادر، ایک قیمتی اثاثہ ہیں۔ گوادر سمیت ساحلی پٹی کی اسٹریٹجک اہمیت نے بندرگاہی اور معدنی تعاون کے نئے دروازے کھول دیے ہیں۔ پاکستان نے سی پیک اور کثیرالجہتی توازن برقرار رکھتے ہوئے قومی مفاد میں نئے اقتصادی راستے بھی تلاش کیے ہیں۔

عالمی جریدے نے بتایا کہ نومبر میں ٹرمپ انتظامیہ کی قومی سلامتی کی حکمت عملی میں پاکستان کو اہم اتحادی کے طور پر بیان کیا گیا۔ بھارت،پاکستان کشیدگی میں شدت بڑھنے پر امریکا کو ڈی ایسکلیشن کے لیے فعال کردار ادا کرنا پڑا، جبکہ صدر ٹرمپ کے کشمیر پر بات چیت کے اشارے نے پاکستان کی سفارتی پوزیشن کو مضبوط کیا۔

جریدے کے مطابق پاکستان نے سفارتی محاذ پر نفسیاتی برتری حاصل کر کے واشنگٹن میں مثبت فضا قائم کی، جبکہ بھارت پیچھے رہ گیا۔ لابنگ اور پالیسی انگیجمنٹ کے ذریعے تعلقات کو صرف سکیورٹی فریم سے نکال کر معاشی اور اسٹریٹجک تعلقات کی جانب منتقل کیا گیا۔

مزید برآں، پاکستان اور امریکا نے نایاب زمینی معدنیات کی ریفائننگ اور پروسیسنگ کے لیے 500 ملین ڈالر کے شراکت داری فریم ورک کے کئی معاہدے کیے۔ اسی طرح ایگزم بینک نے بلوچستان کے ریکوڈک میں کان کنی اور معدنیات کے لیے 1.25 بلین ڈالر کی فائنانسنگ کی منظوری دی، جو سرمایہ کاری، اعتماد اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔

کیرولائنا پولیٹیکل ریویو کے مطابق بلوچستان میں تیل کے امکانات پر امریکا پاکستان تعاون نے توانائی کے شعبے میں نئی امید پیدا کی ہے۔ پاکستان نے اسٹریٹجک خودمختاری کے ساتھ ری انگیجمنٹ کر کے امریکا کے ساتھ تعلقات کو “پائیدار مفاد” کی سمت بڑھایا۔

یہ رپورٹ واضح کرتی ہے کہ پاک بھارت کشیدگی نے پاکستان کو صرف دفاعی لحاظ سے مضبوط نہیں کیا بلکہ اسے عالمی سطح پر ایک کلیدی اسٹریٹجک طاقت بھی بنا دیا ہے۔

Scroll to Top