دہشت گردی میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں، فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مختلف کارروائیوں میں یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں افغان شہری ملوث رہے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ تمام افغان باشندے اس میں شامل ہیں، لیکن سیکیورٹی خدشات اپنی جگہ موجود ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ریاستِ پاکستان افغان حکومت کو بارہا اپنے تحفظات سے آگاہ کر چکی ہے اور پاکستان کسی صورت اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا، انہوں نے واضح کیا کہ غیرقانونی طور پر مقیم افراد کو قانونی عمل کے تحت واپس جانا ہوگا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ تعلیم، علاج، سیاحت یا کاروبار کی غرض سے پاکستان آنے والے غیرملکیوں کو لیگل ویزا لینا ہوگا کیونکہ دنیا کے کسی بھی ملک میں بغیر ویزا قیام کی اجازت نہیں دی جاتی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہری بھی کسی دوسرے ملک میں بغیر ویزا نہیں رہ سکتے، اس لیے لاکھوں افراد کا غیرقانونی طور پر آنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔

فیصل کریم کنڈی کے مطابق پاکستان میں پولیس، ایف سی، فوج، اسکولوں اور کالجوں پر حملوں میں غیرملکی عناصر کے شواہد ملتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو افغان شہری قانونی طریقے سے دوبارہ پاکستان آنا چاہیں گے، انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے ملکی و عالمی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو جس مؤثر انداز میں پاکستان نے جواب دیا، وہ پوری دنیا نے دیکھا، اور اسی کا نتیجہ ہے کہ آج دنیا پاکستان کے قریب آنا چاہتی ہے، انہوں نے کہا کہ جنگی کامیابی کے بعد سفارتی محاذ پر بھی پاکستان سرخرو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی حکومت 14 سال میں امن و روزگار فراہم کرنے میں ناکام رہی، آفتاب شیرپاؤ

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آج دنیا پاکستان کے ساتھ تجارت اور دفاعی معاہدے کرنا چاہتی ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہر ماہ عالمی رہنماؤں کے دورے ہو رہے ہیں جبکہ یو اے ای سمیت متعدد ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود پاکستان آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے کامیاب بین الاقوامی دورے جاری ہیں اور سعودی عرب کا دورہ خارجہ پالیسی میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا ہے۔

گورنر فیصل خیبرپختونخوا کریم کنڈی کا کہنا تھا انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر سمیت عالمی قیادت بار بار پاکستان کی صلاحیتوں کا اعتراف کر رہی ہے اور عالمی میڈیا و دفاعی جرائد میں پاکستان کے حق میں مضامین شائع ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ عالمی اعتماد پاکستان کے لیے ایک بڑا موقع ہے۔

Scroll to Top