قلات میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 4 دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ضلع قلات میں آپریشن کیا، جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی حمایت یافتہ چار دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ساتھ بھرپور مقابلہ ہوا۔ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشتگرد سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کے خلاف متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی ممکنہ دہشتگرد کو فرار کا موقع نہ مل سکے۔

ترجمان آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کوہاٹ، کرک سرحدی پہاڑی سلسلے میں پولیس کا بڑا آپریشن، 8 دہشت گرد ہلاک

کرک کے سرحدی پہاڑی سلسلے میں واقع تھانہ خرم کی حدود کرکنڈوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے بڑی کارروائی کی ہے۔

ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) کوہاٹ عباس مجید مروت کے مطابق آپریشن کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

آر پی او کوہاٹ نے کہا کہ یہ آپریشن ان کی براہ راست نگرانی میں جاری ہے، کارروائی میں بھاری پولیس نفری کے ساتھ خفیہ اداروں نے بھی حصہ لیا ہے جبکہ ڈی ایچ او کرک سعود خان بھی موقع پر موجود ہیں۔

ریجنل پولیس آفیسر کے مطابق پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے، آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے متعدد پہاڑی ٹھکانے تباہ کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں پہاڑی علاقے میں پڑی ہوئی ہیں جبکہ ان کے ساتھی دہشت گرد لاشوں کو ساتھ لے جانے کے لیے پولیس پر فائرنگ کر رہے ہیں۔

سیکیورٹی فورسز علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

حکام کے مطابق علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور مزید پیش رفت سے متعلق معلومات بعد میں فراہم کی جائیں گی۔

Scroll to Top