ضلعی صدر پی ٹی آئی جنوبی وزیرستان افسر خان محسود کا اپنے ہی منتخب ممبرانِ اسمبلی پر کرپشن کے سنگین الزامات

جنوبی وزیرستان: ضلعی صدر پی ٹی آئی افسر خان محسود نے اپنے ہی منتخب ممبرانِ اسمبلی پر کھلے عام کرپشن اور کمیشن خوری کے سنگین الزامات عائد کر دیے۔

پاکستان تحریکِ انصاف جنوبی وزیرستان کے ضلعی صدر افسر خان محسود کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں آئی ایس ایف، انصاف یوتھ ونگ سمیت پارٹی کے ضلعی و علاقائی رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس کے دوران کارکنوں نے جنوبی وزیرستان اپر اور لوئر سے منتخب ممبرانِ اسمبلی کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں میں مبینہ کرپشن پر گہری تشویش ظاہر کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے افسر خان محسود نے الزام عائد کیا کہ دونوں منتخب ممبرانِ اسمبلی کو الگ الگ ایک ارب 20 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز فراہم کیے گئے تاہم یہ فنڈز عوامی فلاح کے منصوبوں پر خرچ ہونے کے بجائے مخصوص ٹھیکیداروں کے ذریعے فروخت کر دیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ طرزِ عمل نہ صرف پی ٹی آئی کارکنان بلکہ عوام کے ساتھ بھی سنگین ناانصافی ہے، افسر خان محسود کا کہنا تھا کہ ماضی میں جو بھتہ جمعیت وصول کیا کرتی تھی، آج بدقسمتی سے وہی عمل ہمارے اپنے منتخب نمائندے دہرا رہے ہیں جو انتہائی افسوسناک ہے۔

ضلعی صدر نے ٹھیکیدار یونین کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے ان مبینہ غیرقانونی اقدامات میں ملوث پی ٹی آئی ممبران کا ساتھ دینا بند نہ کیا تو ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور عدالت سے رجوع کیا جائے گا، انہوں نے مزید اعلان کیا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے جنوبی وزیرستان کی پی ٹی آئی ہر احتجاج میں، بشمول اڈیالہ جیل کے سامنے مظاہروں میں بھرپور شرکت کرے گی۔

اجلاس میں کارکنان کے پرزور مطالبے پر جنوبی وزیرستان اپر اور لوئر میں ترقیاتی کاموں کی نگرانی کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا گیا جو مبینہ کمیشن خوری اور کرپشن کے خلاف مؤثر کردار ادا کرے گی اور عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاجی سرگرمیوں میں بھی حصہ لے گی۔

اس موقع پر ایڈووکیٹ شیر پاؤ پاجی نے کہا کہ منتخب ممبرانِ اسمبلی عمران خان کے ویژن کے برعکس ترقیاتی فنڈز پر مبینہ طور پر 15 فیصد غیرقانونی کمیشن وصول کر رہے ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ بائے نام سکیموں کی کوئی قانونی حیثیت نہیں اور اگر کسی فردِ واحد کے نام پر یا بغیر علاقائی شناخت کے کوئی منصوبہ شروع کیا گیا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی حکومت 14 سال میں امن و روزگار فراہم کرنے میں ناکام رہی، آفتاب شیرپاؤ

پی ٹی آئی رہنما عارف زمان برکی نے کہا کہ اگر ممبرانِ اسمبلی خود کو کرپشن سے پاک سمجھتے ہیں تو انہیں کھلی کچہری میں عوام کا سامنا کرنا چاہیے، انہوں نے عمران خان کی رہائی کے لیے سٹریٹ مہم شروع کرنے کی مکمل حمایت کا اعلان بھی کیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Scroll to Top