وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی شفیع جان نے صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو پنجاب چھوڑنے سے متعلق بیان پر سخت ردعمل دیا ہے۔
شفیع جان نے کہا ہے کہ عظمیٰ بخاری کا بیان غیر جمہوری اور آمرانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے،پنجاب حکومت وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے دورہ لاہور سے خوفزدہ اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
شفیع جان نے کہا کہ عظمیٰ بخاری اور قومی دولت لوٹنے والا ٹولہ پنجاب کے غیرت مند اور مہمان نواز عوام کا حقیقی نمائندہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا دورہ لاہور جعلی پنجاب حکومت کے ظلم کا شکار کارکنوں اور ان کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کے لیے تھا۔
شفیع جان نے سوال اٹھایا کہ عظمیٰ بخاری جواب دیں کہ وزیراعلیٰ کے دورے کے موقع پر لاہور فوڈ اسٹریٹ اور تجارتی مراکز کو زبردستی کیوں بند کرایا گیا؟
شفیع جان نے کہا پنجاب حکومت کے خوف کے سوا ہر طرف پولیس رکاوٹیں اور بند سڑکیں ہی نظر آئیں۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش کی تصویروں سے انقلاب نہیں آتا، عظمیٰ بخاری کا پی ٹی آئی کی اسٹریٹ موومنٹ پر طنز
معاونِ خصوصی نے کہا کہ عوام پر ظلم و جبر کی کرپٹ پنجاب حکومت کی تاریخ گواہ ہے تاہم اس کے باوجود وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی آمد پر زندہ دلانِ لاہور نے شاندار استقبال کیا، انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ پنجاب حکومت کارکنوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا سکتی ہے۔
شفیع جان کا کہنا تھا کہ کارکنوں پر چھاپے مارنا اور چادر و چار دیواری کی پامالی جعلی پنجاب حکومت کا وطیرہ بن چکا ہے، انہوں نے وفاق اور پنجاب پر مسلط حکمرانوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں اسٹریٹ موومنٹ شروع ہو چکی ہے اور لاہور میں ہونے والی سرگرمی صرف اس کا ٹریلر تھی۔





