غریب عوام پر مزید بوجھ، چینی کے بعد آٹا بھی مہنگا، 20 کلو آٹے کا تھیلہ کتنے کا ہو گیا؟

پشاور کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ،مہنگائی کے ستائے عوام کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

پشاور میں آٹے کی قیمتیں دوبارہ بڑھنے لگیں اور چند ہی دنوں میں 20 کلو آٹے کا تھیلہ 200 روپے اضافے کے بعد 2650 روپے تک جا پہنچا۔

اسی طرح پرچون مارکیٹ میں فی کلو آٹا 10 روپے اضافے کے ساتھ 140 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

ڈیلرز کے مطابق پنجاب سے خیبر پختونخوا کو آٹے کی ترسیل پر پابندی کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس سے طلب و رسد کا توازن متاثر ہوا۔

آٹے کی قیمتوں میں کمی اور استحکام لانے کے لیے خیبر پختونخوا کے سرکاری گوداموں سے فلور ملوں کو گندم کی فراہمی شروع کرنے کی تجویز صوبائی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جا رہی ہے، تاہم اس پر حتمی فیصلہ ابھی باقی ہے۔

دوسری جانب کوئٹہ میں بھی آٹے کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، 20 کلو آٹے کی بوری 200 روپے اضافے کے بعد 2500 روپے جبکہ 50 کلو کی بوری 500 روپے اضافے کے ساتھ 6250 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

آٹا ڈیلرز کا کہنا ہے کہ سرکاری ذخائر ختم ہونے کے قریب ہیں اور پنجاب حکومت کی جانب سے ضلع بندی کے باعث گندم کی نقل و حمل محدود ہو چکی ہے، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گھی اور کوکنگ آئل مہنگے، چینی کی قیمتیں نیچے آ گئیں

محکمہ خوراک بلوچستان کے مطابق نجی شعبے کو گندم کی خریداری کا پابند بنایا گیا تھا، تاہم صورتحال پر قابو پانے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

Scroll to Top