کراچی: پاکستان نیول اکیڈمی میں 124ویں مڈشپمین اور 32ویں شارٹ سروس کمیشن (ایس ایس سی) کورس کی کمیشننگ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں 90 مڈشپ مین اور 34 ایس ایس سی کیڈٹس نے کامیابی کے ساتھ کورس مکمل کیا۔
اس موقع پر بحریہ بحرین کے کمانڈر، ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم البِن علی مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے، جن کا استقبال چیف آف دی نیول اسٹاف، ایڈمرل نوید اشرف نے کیا۔
مہمان خصوصی خود پاکستان نیول اکیڈمی کے سابق طالب علم ہیں اور انہوں نے اپنی مادر علمی میں کمیشننگ پریڈ کا جائزہ لینے پر فخر کا اظہار کیا۔
ریئر ایڈمرل احمد محمد البِن علی نے پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ مہارت کو خطے کی ایک مضبوط قوت قرار دیا اور کہا کہ پاکستان نیوی کی دوستانہ ممالک کے کیڈٹس کو اعلیٰ معیار کی تربیت فراہم کرنے کی طویل روایات قابل تعریف ہیں۔
پریڈ میں بحرین، عراق، ریپبلک آف جیبوتی، سری لنکا اور ترکی کے کیڈٹس بھی شامل تھے، جو پاکستان نیوی کے بین الاقوامی تعاون اور تربیتی معیار کی عکاسی کرتے ہیں۔
مہمان خصوصی نے پاکستان اور بحرین کے درمیان مضبوط تعلقات، مشترکہ اقدار اور باہمی ترقی کے عزم کو بھی اجاگر کیا۔ بعد ازاں انہوں نے کامیاب کیڈٹس کو انعامات اور اعزازات بھی تقسیم کیے۔
یہ بھی پڑھیں : سوات میں فائرنگ: ایلیٹ پولیس کا جوان شہید کردیا گیا
محمد عزیر عباس کو مجموعی بہترین کارکردگی پر سوڈ آف آنر دیا گیا، شہاب احمد کو اکیڈمی کا ڈِرک ملا۔
پاکستان کے آفیسیر کیڈٹ عمر مختار اور عراق کے آفیسیر کیڈٹ الدابی فہد حسام فرید نے چیف آف دی نیول اسٹاف گولڈ میڈل جیتا۔
ایس ایس سی کورس کے آفیسیر کیڈٹ سید سعد شاہد نے کمانڈنٹ گولڈ میڈل حاصل کیا، پروفیشنسی بینر کو کوارٹر ڈیک اسکواڈرن نے جیتا۔
اس تقریب میں فوجی افسران، معززین اور کیڈٹس کے والدین نے بھی شرکت کی، جس سے تقریب کا رُونق دوبالا ہو گیا۔





