محکمہ موسمیات نے ملک گیر موسمی تبدیلی کی تفصیلات جاری کر دیںاسموگ میں کمی، سردی میں اضافہ،نئے سال پر موسم کا بڑا سرپرائز دیدیا۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم کی بڑی تبدیلی کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 31 دسمبر سے تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ نئے سال کے آغاز پر موسم کا یہ نظام کئی علاقوں میں بارش اور بالائی خطوں میں برفباری کا سبب بن سکتا ہے۔
لاہور میں موسم ایک بار پھر تبدیلی کی طرف گامزن ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 31 دسمبر سے یکم جنوری کے دوران شہر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ لاہور اس وقت دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چھٹے نمبر پر ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 179 ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق متوقع بارشوں کے باعث فضائی آلودگی اور اسموگ میں واضح کمی آ سکتی ہے، جس سے شہریوں کو کچھ ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش 30 دسمبر کو ہو سکتی ہے۔ منگل سے بدھ کے دوران مغربی ہواؤں کا سسٹم شہر پر اثر انداز ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 29 دسمبر سے یکم جنوری کے دوران بارش، آندھی، گرج چمک اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ بارش اور برفباری کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی آ سکتی ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 30 دسمبر اور یکم جنوری کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع جن میں چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور کوہاٹ شامل ہیں، میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں درمیانی سے شدید درجے کی برفباری بھی متوقع ہے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں شدید سردی کے باعث پانی جمنا شروع ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے ان علاقوں میں بارش اور ہلکی برفباری کی نوید بھی سنا دی ہے، جس سے سرد موسم مزید سخت ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر بالائی اور سرد علاقوں میں سفر کرنے والوں کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔





