پاکستانی میڈیکل اسٹوڈنٹس افغانستان میں پھنس گئے، وفاقی حکومت سے مدد کی اپیل

پاک افغان سرحد کی بندش کے باعث افغانستان میں تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی میڈیکل اسٹوڈنٹس وطن واپس آنے میں شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

افغانستان میں پاکستان اسٹوڈنٹس یونین کے صدر شہاب الدین نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت پاکستان فوری اقدامات کرے تاکہ طلباء اپنی وطن واپسی ممکن بنا سکیں۔

شہاب الدین کے مطابق افغانستان کے میڈیکل کالجوں میں خیبر پختونخوا کے ہزاروں طلباء زیر تعلیم ہیں، جو سرحد کی بندش کے باعث وطن واپس نہیں جا پا رہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ افغانستان میں ان کے امتحانات مکمل ہو چکے ہیں اور طلباء اب موسم سرما کی تین ماہ کی تعطیلات میں ہیں، لیکن سرحد بند ہونے کی وجہ سے انہیں وطن واپس آنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ طلباء کی وطن واپسی ممکن بنائی جا سکے اور انہیں غیر ضروری مشکلات سے بچایا جا سکے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سرحد کی بندش نہ صرف طلباء کی تعلیم پر اثر ڈال رہی ہے بلکہ ان کی ذاتی اور مالی مشکلات میں بھی اضافہ کر رہی ہے، اس لیے فوری حل کی ضرورت ہے۔

Scroll to Top