ڈیجیٹل رسائی میں حیرت انگیز اضافہ، خیبر پختونخوا سب سے آگے

اسلام آباد: ادارہ شماریات نے سال 2024-2025 کے دوران پاکستان میں ڈیجیٹل کنیکٹیوٹی میں نمایاں اضافے کی تصدیق کی ہے۔

ادارے کے مطابق ملک کے 96 فیصد گھرانوں کو موبائل یا اسمارٹ فون کی سہولت حاصل ہے، جبکہ 70 فیصد سے زائد گھرانے انٹرنیٹ استعمال کر رہے ہیں، جو پچھلے چند سالوں کے مقابلے میں دوگنا سے زائد اضافہ ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2019 کے مقابلے میں انٹرنیٹ استعمال میں دوگنا سے زائد اضافہ ہوا ہے، اور خیبر پختونخوا ڈیجیٹل رسائی کے حوالے سے سب سے آگے ہے، جہاں انفرادی سطح پر انٹرنیٹ استعمال 17 فیصد سے بڑھ کر 57 فیصد ہو گیا۔

ادارہ شماریات کے مطابق ملک بھر میں تقریباً 92 فیصد افراد موبائل فون استعمال کر رہے ہیں، اور شہری علاقوں میں خواتین کا انٹرنیٹ استعمال مردوں سے زیادہ ہے، جبکہ مجموعی طور پر خواتین اور مرد انٹرنیٹ کو یکساں طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں پاسپورٹ اجرا میں ریکارڈ اضافہ

ادارہ شماریات نے مزید بتایا کہ ڈیجیٹل آگاہی، آن لائن تحفظ اور ڈیجیٹل مہارتوں میں بھی واضح بہتری دیکھی گئی ہے، جس سے شہریوں کو آن لائن سیکیورٹی اور ڈیجیٹل تعلیم کے حوالے سے زیادہ سہولیات میسر ہو رہی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ڈیجیٹل کنیکٹیوٹی میں اضافے سے ملک میں آن لائن تعلیم، ای کامرس اور ڈیجیٹل سروسز کے مواقع بڑھیں گے، اور شہری سہولتوں میں بہتری آئے گی۔

Scroll to Top