صومالی لینڈ تنازع؛ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس آج جدہ میں ہوگا

اسلام آباد : اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس آج جدہ میں منعقد ہوگا، جس میں صومالی لینڈ کے خودساختہ اعلانِ آزادی اور اسرائیل کی جانب سے اسے خودمختار ریاست تسلیم کرنے کے اعلان پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔

اجلاس میں صومالی لینڈ کے اعلانِ آزادی کی مذمت کی جائے گی۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار اجلاس میں پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق یہ ہنگامی اجلاس اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے اعلان اور اس کے بعد صومالیہ میں پیدا ہونے والی تیز تر اور اشتعال انگیز تبدیلیوں کے تناظر میں بلایا گیا ہے۔

او آئی سی پہلے ہی اسرائیل کے اس اقدام کو صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دے چکی ہے۔

تنظیم کا مؤقف ہے کہ کسی بھی یکطرفہ اقدام سے خطے کے امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

اجلاس کے دوران وزیر خارجہ اسحاق ڈار پاکستان کی جانب سے صومالیہ کی عالمی طور پر تسلیم شدہ سرحدوں کے اندر اس کے اتحاد، خودمختاری اور سلامتی کی مکمل اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : مولانا فضل الرحمان آج کہاں پہنچیں گے؟ شہر کا نام بھی سامنے آ گیا

پاکستان او آئی سی کے پلیٹ فارم سے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق صومالیہ کی علاقائی سالمیت کے تحفظ پر زور دے گا۔

متوقع ہے کہ اجلاس کے اختتام پر او آئی سی کی جانب سے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا، جس میں صومالی لینڈ کے خودساختہ اعلانِ آزادی کو مسترد کرتے ہوئے رکن ممالک سے صومالیہ کی وحدت اور استحکام کے لیے مشترکہ مؤقف اپنانے کی اپیل کی جائے گی۔

Scroll to Top