اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ پشاور میں 9 مئی کے واقعات کی ویڈیوز پر پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری کی رپورٹ نے ایک بار پھر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کر دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ فرانزک تجزیے میں فریم بہ فریم ویڈیو کا مطالعہ کرنے کے بعد تصدیق ہوئی ہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت اس موقع پر موجود تھی، جس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ ریاستی اداروں پر حملے کسی جذباتی ہجوم کی وجہ سے نہیں بلکہ منظم سیاسی قیادت کے زیرِ سایہ کیے گئے۔
پشاور میں 9 مئی کے واقعات کی ویڈیوز پر پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری کی رپورٹ نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کے جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کر دیا ہے۔ فریم بہ فریم تجزیے میں پی ٹی آئی کی قیادت کی موجودگی کی تصدیق ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ریاستی اداروں پر حملے کسی “جذباتی ہجوم” نہیں بلکہ… pic.twitter.com/seWljBkYzF
— Dr. Tariq Fazal Ch. (@DrTariqFazal) January 11, 2026
طارق فضل چودھری نے کہا کہ ریڈیو پاکستان اور دیگر سرکاری تنصیبات پر ہونے والے حملے دراصل پاکستان کی ریاست پر حملے کے مترادف ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے نہ صرف تشدد کو ہوا دی بلکہ اسے سیاسی فائدے کے لیے استعمال کیا، اور یہ کہ وہ جماعت جو خود کو جمہوریت کی علمبردار کہتی ہے، اس کا اداروں کو نقصان پہنچانے سے کوئی تعلق نہیں ہو سکتا۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی میں 3 لاکھ افغانوں کی موجودگی کے باوجود پی ٹی آئی باغِ جناح گراؤنڈ بھرنے میں ناکام رہی، وقار ستی
وفاقی وزیر نے زور دیا کہ قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے چاہے نام کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو، اور کسی کو بھی پاکستانی اداروں کے وقار یا آئین کی بالادستی پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب 9 مئی کے بعد پشاور سمیت ملک کے دیگر شہروں میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں کی تحقیقات جاری ہیں اور فرانزک رپورٹس نے ان واقعات کے حقائق سامنے لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔





