قیمتیں آسمان چھونے لگیںملک بھر میں مسلسل اضافے نے صارفین کی مشکلات بڑھا دی، فوری حکومتی اقدامات کی ضرورت ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات (پی بی ایس) کی تازہ سرکاری رپورٹ کے مطابق صرف ایک ہفتے کے دوران 20 کلو کے آٹے کے تھیلے کی قیمت میں مختلف شہروں میں 40 سے لے کر 590 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 20 کلو آٹے کا تھیلا ملک میں سب سے زیادہ ہو کر 2 ہزار 893 روپے 33 پیسے تک پہنچ گیا ہے۔ سرگودھا میں سب سے زیادہ اضافہ 590 روپے رہا، جبکہ ملتان میں 226 روپے 66 پیسے، خضدار میں 200 روپے، بہاولپور میں 163 روپے 33 پیسے اور کوئٹہ میں 140 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی دوران گوجرانوالہ میں آٹے کے تھیلے کی قیمت 134 روپے بڑھی، اسلام آباد اور راولپنڈی میں 120 روپے تک اضافہ ہوا، جبکہ کراچی، پشاور، سکھر اور لاڑکانہ میں 100 روپے تک اضافہ دیکھا گیا۔ حیدرآباد اور سیالکوٹ میں 80 روپے، بنوں میں 50 روپے اور لاہور میں 40 روپے تک قیمت بڑھی۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق تازہ قیمتوں کے مطابق راولپنڈی میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 866 روپے 47 پیسے، پشاور میں 2 ہزار 850 روپے، بنوں میں 2 ہزار 800 روپے، کوئٹہ میں 2 ہزار 660 روپے جبکہ کراچی میں 2 ہزار 600 روپے تک جا پہنچا ہے۔
ماہرین کے مطابق آٹے کی قیمتوں میں یہ تیز اضافہ مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے شدید تشویش کا سبب بن رہا ہے۔ صارفین حکومت سے فوری اقدامات کے منتظر ہیں تاکہ بنیادی ضرورت کی اشیاء کی قیمتوں میں استحکام لایا جا سکے۔
معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر گندم کی قیمتوں میں اضافہ اور مقامی سطح پر سپلائی چین میں رکاوٹیں اس مہنگائی کی بڑی وجوہات ہیں۔ حکومتی اداروں پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ فوری اقدامات کریں تاکہ عام شہریوں کی زندگی پر پڑنے والے منفی اثرات کو کم کیا جا سکے۔





