سندھ کے عوام کا دل بڑا، مگر حکومت پر افسوس ہے، سہیل آفریدی کا سندھ حکومت پر کڑا وار

سندھ کے عوام کا دل بڑا، مگر حکومت پر افسوس ہے، سہیل آفریدی کا سندھ حکومت پر کڑا وار

سہیل آفریدی کی مزار قائد پر تاریخی حاضری، سندھ حکومت پر سخت تنقید،’اجرک اور ٹوپی کی بے حرمتی افسوسناک ہے

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پیر کے روز کراچی میں مزارِ قائد پر حاضری دی اور پھول رکھ کر فاتحہ خوانی کی، جہاں انہوں نے نہ صرف قائد اعظم کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا بلکہ سندھ حکومت کے رویے پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

سہیل آفریدی کے ہمراہ دیگر سیاسی رہنما بھی موجود تھے، جن میں سلمان اکرم راجا اور حلیم عادل شیخ شامل تھے۔ مزارقائد کی حاضری کے بعد وزیراعلیٰ سندھ ہائی کورٹ پہنچے، جہاں انہیں صدر سندھ ہائی کورٹ بار نے خوش آمدید کہا اور انہیں سندھی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ پیش کیا۔

سہیل آفریدی نے سندھ ہائی کورٹ بار کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام کا بے حد مشکور ہوں اور سندھ کے عوام کا دل واقعی بہت بڑا ہے، مگر سندھ حکومت کے رویے پر شدید افسوس ہے۔ انہوں نے کہا، ’’سندھ حکومت نے اجرک اور سندھی ٹوپی کی بے حرمتی کی ہے، جو نہ صرف ثقافتی اقدار کی توہین ہے بلکہ عوامی جذبات کے ساتھ بھی زیادتی ہے۔‘‘

مزید برآں، وزیراعلیٰ نے قومی اثاثوں کی فروخت اور انصاف کے حصول پر بھی تنقید کی اور کہا کہ عوام انصاف کے لیے ہمیشہ عدلیہ کی طرف دیکھتے ہیں، مگر موجودہ صورتحال میں عدلیہ کی کارکردگی بھی محدود محسوس ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی پالیسیوں کے باعث عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے، کیونکہ حکومت قومی وسائل کو فروخت کر رہی ہے اور اب انصاف بھی برائے فروخت ہو رہا ہے۔

سہیل آفریدی کے مطابق یہ اقدامات عوامی مفاد کے خلاف ہیں اور سندھ حکومت کو عوام کے جذبات اور قومی ورثے کا احترام کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی بھلائی اور عدل و انصاف کے لیے ہر سطح پر کردار ادا کرنا لازم ہے۔

Scroll to Top