عوامی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں، غیر قانونی میڈیکل اسٹورز کے خلاف سخت ایکشن کا حکم

پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیرِ صحت خلیق الرحمان نے صوبہ بھر میں غیر لائسنس یافتہ میڈیکل سٹورز اور غیر معیاری و جعلی ادویات کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔

اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کو فوری اور مؤثر کارروائی کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

یہ فیصلے محکمہ صحت کے کمیٹی روم میں منعقد ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیے گئے، جس کی صدارت صوبائی وزیرِ صحت خلیق الرحمان نے کی۔

اجلاس میں سیکرٹری صحت سمیت ڈائریکٹوریٹ جنرل ڈرگ کنٹرول اور فارمیسی سروسز کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ صحت نے تمام ڈرگ انسپکٹرز اور فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں غیر قانونی میڈیکل سٹورز کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے اور جعلی، غیر معیاری اور مضرِ صحت ادویات کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کیمسٹس اور ڈرگسٹوں کی یونینز اور ایسوسی ایشنز کے ذریعے آگاہی مہم کو تیز کیا جائے تاکہ ڈرگ قوانین اور قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے اور عوام کو محفوظ و معیاری ادویات کی فراہمی ممکن ہو۔

صوبائی وزیرِ صحت نے شفافیت اور جوابدہی پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں کی جانے والی کارروائیوں کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹنگ کی جائے، جس میں تصویری شواہد بھی شامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تمام رپورٹس ہر پندرہ روز بعد صوبائی وزیرِ صحت اور سیکرٹری صحت کو پیش کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں : نیند کی کمی کا ایک اور چھپا ہوا نقصان سامنے آیا

خلیق الرحمان نے واضح کیا کہ ادویات کے معیار، حفاظت اور افادیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوام کی صحت کا تحفظ حکومتِ خیبر پختونخوا کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی اور غیر معیاری ادویات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

Scroll to Top