خیبرپختونخوا کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں سٹوڈنٹس یونینز کی بحالی کے حوالے سے اہم پیش رفت

خیبرپختونخوا کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں سٹوڈنٹس یونینز کی بحالی کے حوالے سے اہم پیش رفت

خیبرپختونخوا کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں سٹوڈنٹس یونینز کی بحالی کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

وزیر برائے اعلیٰ تعلیم و بلدیات مینا خان آفریدی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں محکمہ اعلیٰ تعلیم کے اعلیٰ حکام اور مختلف طلباء تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں اسلامی جمعیت طلبہ، انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن، پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن، پختونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن سمیت دیگر طلبہ سوسائٹیز کے عہدیداران نے سٹوڈنٹس یونینز کی بحالی سے متعلق اپنے مؤقف اور تجاویز پیش کیں۔

اجلاس میں انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی صدر مشرف آفریدی کی سربراہی میں ایک مشترکہ کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔ کمیٹی میں محکمہ اعلیٰ تعلیم کے حکام اور طلبہ یونینز کے قائدین شامل ہوں گے، جو آئندہ پندرہ روز میں اپنی سفارشات حکومت کو پیش کریں گے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ جلد از جلد تعلیمی اداروں میں سٹوڈنٹس یونینز کو بحال کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ سٹوڈنٹس یونینز کی بحالی سے ملکی اور صوبائی سطح پر بہترین اور جمہوری قیادت سامنے آئے گی۔

مینا خان آفریدی نے کہا کہ ایک آمر نے اپنے اقتدار کو بچانے کے لیے قیادت کی نرسری پر کاری ضرب لگائی، جس کے اثرات آج بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔سٹوڈنٹس یونینز کی بحالی سے خان، نواب، وڈیروں اور چوہدریوں کی اجارہ داری اور انا کا خاتمہ ہوگا۔

وزیر اعلیٰ تعلیم نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ کچھ نامعلوم قوتیں اب بھی نہیں چاہتیں کہ پاکستان میں حقیقی جمہوری قیادت پروان چڑھے، تاہم حکومت اس مقصد کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔

Scroll to Top