فرحان ملک کی گرفتاری ، سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

فرحان ملک کی گرفتاری ، سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

سوشل میڈیا پر رَفتار ٹی وی کے خلاف شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے، جہاں صارفین نے مئی 2025 کی جنگ سے متعلق مبینہ جھوٹے اور گمراہ کن پروپیگنڈے پر چینل پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں رَفتار ٹی وی کے مواد کو ریاستی اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈا قرار دیا جا رہا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو دانستہ طور پر غلط معلومات پھیلا رہی ہے، جس کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا اور قومی اداروں کو بدنام کرنا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کے مطابق مذکورہ ویڈیو کو اینٹی اسٹیٹ اور بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے بھی بڑے پیمانے پر شیئر کیا جا رہا ہے، جس سے پاکستان کے ریاستی مؤقف کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ایک سینئر سیاستدان دیوان سچل نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ’’رفتار طویل عرصے سے پاکستان مخالف بیانیہ پھیلا رہا ہے، لیکن بظاہر اسے اعلیٰ سطحی تحفظ حاصل ہے، ورنہ کسی اور پلیٹ فارم کو کب کا بند کیا جا چکا ہوتا

متعدد صارفین نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو ٹیگ کرتے ہوئے معاملے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا، جبکہ کئی صارفین نے لکھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ رَفتار ٹی وی کو روکا جائے۔

سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے ویڈیو کے مواد اور اس میں شامل افراد پر شدید غصے کا اظہار کیا، جبکہ کچھ نے رَفتار ٹی وی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔اس کے علاوہ کئی شہریوں نے چینل کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے پر زور دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اس بحث کے بعد حکام کی جانب سے ممکنہ اقدامات پر سب کی نظریں مرکوز ہیں، جبکہ عوام شفاف تحقیقات اور قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

دوسری جانب کہ مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات ارباب خضر حیات نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ جنگ میں واضح برتری حاصل کی اور دشمن کو عبرتناک شکست دی۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 34 مرتبہ یہ بیان دے چکے ہیں کہ پاکستان نے سات بھارتی جنگی طیارے مار گرائے، جبکہ رافیل طیارے بنانے والے ملک فرانس نے بھی اس حقیقت کو تسلیم کیا ہے کہ بھارتی طیارے تباہ کیے گئے۔

ارباب خضر حیات نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے باوجود ایک نجی ٹی وی چینل رفتار پاکستان کی شکست کا جھوٹا پروپیگنڈا کر رہا ہے اور یہ تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ پاکستان اپنی فتح کے حوالے سے غلط معلومات پھیلا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ رویہ نہ صرف قومی مفادات کے خلاف ہے بلکہ پاکستان کے دفاع، آئین اور سلامتی پر بھی سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس قسم کے چینلز کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے، رفتار چینل کو فوری طور پر بند کیا جائے اور اس کے مالکان اور پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بیٹھ کر دشمن ممالک کی حمایت کرنے یا پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا پھیلانے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جانا چاہیے اور ایسے عناصر کو قانون کے مطابق جیلوں میں ہونا چاہیے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ جو افراد یا ادارے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کر کے بھارت یا دیگر دشمن ممالک کو فائدہ پہنچا رہے ہیں، ان کے خلاف بلا امتیاز سخت اور فوری تادیبی کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیے تاکہ آئندہ کسی کو قومی سلامتی کے خلاف بولنے یا لکھنے کی جرات نہ ہو۔

Scroll to Top