محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے بعد آج صبح سے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ پیشگی اقدامات کے لئے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ/ایڈوائزری پہلے ہی سے جاری کر دی تھی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 21 سے 24 جنوری تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے جبکہ صوبے کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
اب تک بارش اور برفباری کے باعث جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی اور صوبے بھر میں مجموعی صورتحال معمول کے مطابق ہے۔
پی ڈی ایم اےکے مطابق شدید برفباری کے باعث تیراہ روڈ بند ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ پھنسی ہوئی گاڑیوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوے ہے۔ جبکہ متاثرہ افراد کو خوراک کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مسافروں کو مقامی رضاکاروں کی مدد سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
بیان کے مطابق اسی دوران ریسکیو 1122 نے پشاور سے 15 ریسکیو اہلکار تیراہ روانہ کیے ہیں، جن کے ہمراہ ریکوری گاڑیاں، ایمبولینسز، طبی سامان، ضروری نان فوڈ آئٹمز (NFIs) اور دیگر ریسکیو آلات شامل ہیں تاکہ جاری امدادی سرگرمیوں میں معاونت کی جا سکے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور جہاں ضرورت ہو تمام دستیاب وسائل تیار رکھیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے خود صوبے بھر کی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ بروقت اور مؤثر ردعمل کو یقینی بنایا جا سکے۔پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور متعلقہ محکموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ بالخصوص پہاڑی اور حساس علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع اور معلومذت کے لئے پی ڈی ایم اے کی فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔





