لکی مروت کے علاقے تجوڑی میں مجرم اشتہاریوں کے خلاف کارروائی کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے زخمی ہونے والے فرض شناس، دلیر اور نڈر پولیس افسر، ایس ایچ او تھانہ تجوڑی جمیل خان دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔
شہید ایس ایچ او جمیل خان کی نمازِ جنازہ پولیس لائن لکی مروت میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، نمازِ جنازہ میں آر پی او بنوں ریجن سجاد خان، ڈی پی او لکی مروت نزیر خان، ڈپٹی کمشنر حمید اللہ خان، ایس پی انویسٹیگیشن مراد خان، ایس پی سی ٹی ڈی فضل واحد، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز سمیت پولیس افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی جبکہ اعلیٰ پولیس افسران نے شہید کے تابوت پر پھول چڑھائے اور ان کے بلند درجات اور لواحقین کے لیے صبر و جمیل کی دعا کی۔
نمازِ جنازہ کے بعد خطاب کرتے ہوئے آر پی او بنوں ریجن سجاد خان نے شہید کی عظیم قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ شہید ایس ایچ او جمیل خان ایک نڈر، فرض شناس اور پیشہ ور پولیس افسر تھے جنہوں نے ہمیشہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف صفِ اوّل میں کھڑے ہو کر قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا۔
آر پی او بنوں ریجن سجاد خان نے کہا ایس ایچ او جمیل خان نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر یہ ثابت کر دیا کہ لکی مروت پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتی۔
یہ بھی پڑھیں: بنوں: دو روز قبل اغوا ہونے والے ایس ایچ او عابد کو شہید کردیا گیا
آر پی او نے کہا کہ شہید جمیل خان کی قربانی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی اور ان کی شہادت میں ملوث عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا بلکہ انہیں جلد قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
آر پی او بنوں ریجن سجاد خان نے مزید کہا کہ پولیس شہید کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ہر قدم پر ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔





