وادی سوات کے بالائی علاقوں کالام، مالم جبہ، مٹلتان، پلوگاہ، مہوڈنڈ اور اتروڑ میں برف باری کے بعد سردی کی شدت میں واضح اضافہ ہو گیا ہے۔ برف باری کے باعث ان علاقوں میں موسم شدید سرد ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کالام میں چار انچ تک برف پڑ چکی ہے، جبکہ مہوڈنڈ اور پلوگاہ میں برف باری کی مقدار ایک فٹ تک ریکارڈ کی گئی ہے اور بعض مقامات پر یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔ دوسری جانب شہری علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کے باعث مجموعی طور پر سردی میں مزید اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت شدید سردی پڑنے کی توقع ہے۔
ادھر گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور شمالی بلوچستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر ہلکی بارش اور برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا جبکہ بالائی پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز کم سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 11، استور میں منفی 7، کالام اور سکردو میں منفی 5 جبکہ مالم جبہ اور گوپس میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔





