آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان اپنا پہلا قدم نیدرلینڈز کے خلاف رکھے گا، جہاں صائم ایوب اور خواجہ نافع اوپننگ کے لیے میدان میں اتریں گے۔
پاکستانی وقت کے مطابق یہ مقابلہ صبح ساڑھے دس بجے سنہالیز اسپورٹس کلب کرکٹ گراونڈ پر کھیلا جائے گا۔
ٹیم مینجمنٹ نے ابتدائی گیارہ کھلاڑیوں میں چند اہم تبدیلیاں کی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق نوجوان دائیں ہاتھ کے بلے باز خواجہ نافع کو صائم ایوب کے ساتھ اوپننگ کے لیے منتخب کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں تجربہ کار بلے باز فخر زمان ٹیم سے باہر رہ جائیں گے۔
خواجہ نافع 23 سال کے ہیں اور انہوں نے اب تک دو ٹی 20 میچز کھیل رکھے ہیں۔ ان کے شامل ہونے سے ٹیم میں نوجوان بلے بازوں کی صلاحیتوں کو آزمانے کا موقع ملے گا اور پاکستان کی اوپننگ لائن اپ میں توازن پیدا ہوگا۔
پاکستان کے ممکنہ گیارہ کھلاڑیوں میں صائم ایوب، خواجہ نافع، سلمان علی آغا (کپتان)، بابر اعظم، شاداب خان، عثمان خان (وکٹ کیپر)، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف، سلمان مرزا اور ابرار احمد شامل ہیں۔ ان کھلاڑیوں کی فارم اور ٹیم کی حکمت عملی افتتاحی میچ میں اہم کردار ادا کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا پولیس کو جدید گاڑیاں، اسلحہ اور حفاظتی سامان فراہم، آئی جی ذوالفقار حمید کا عزم
ٹی 20 ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان کی نظریں مضبوط آغاز کرنے پر مرکوز ہیں۔ ٹیم کی کامیابی کے لیے اوپننگ بلے بازوں کی کارکردگی خاص اہمیت رکھتی ہے، جبکہ بولنگ لائن اپ بھی نیدرلینڈز کے بیٹنگ لائن کو قابو میں رکھنے کے لیے کلیدی کردار ادا کرے گی۔
پاکستانی شائقین کرکٹ اس میچ کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ خواجہ نافع اور صائم ایوب کی شراکت پاکستان کو فتح دلانے میں مددگار ثابت ہوگی۔





