اسلام آباد: اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے نواحی علاقے راولپنڈی میں ترلائی مسجد میں عبادت گزاروں پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں سیکرٹری جنرل گوتریس نے کہا کہ شہریوں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے والے حملے ناقابلِ قبول ہیں اور ایسے واقعات انسانی اقدار اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہیں۔
I condemn in the strongest terms today’s attack on worshippers gathered at a mosque in Islamabad, Pakistan.
Attacks against civilians & places of worship are unacceptable.
Those responsible must be identified & brought to justice.https://t.co/HNjj3B3gYa
— António Guterres (@antonioguterres) February 6, 2026
انہوں نے زور دیا کہ اس حملے کے ذمہ داروں کی فوری نشاندہی کی جائے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ دوبارہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔
سیکرٹری جنرل نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ افسوسناک واقعہ پاکستان اور عالمی برادری کے لیے انتہاپسندی کے خلاف یکجہتی کے جذبے کو مزید مضبوط کرنے کا سبب ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : یہ تشویشناک ہے کہ عبادت گاہیں بھی محفوظ نہیں، پاکستان میں امن کے لیے دعا کرتی ہوں، ملالہ
انتونیو گوتریس نے حکومتِ پاکستان اور عوام کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا بھی اعادہ کیا اور کہا کہ اقوامِ متحدہ دہشت گردی اور پرتشدد انتہاپسندی کے خلاف جاری کوششوں میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گی۔
ترلائی مسجد میں ہونے والے اس حملے میں 32 افراد جاں بحق اور 150 سے زائد زخمی ہوئے، جبکہ تفتیشی ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ سے خودکش حملہ آور کا شناختی کارڈ بھی ملا ہے، جس کے مطابق حملہ آور کی شناخت یاسر کے نام سے ہوئی۔





