وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ گزشتہ روز پورے پاکستان کے لیے انتہائی افسوسناک اور اداس دن تھا۔ شہدا کے اہل خانہ کے غم میں پوری قوم برابر کی شریک ہے اور ان کے لیے دعا گو ہے۔
سیف سٹی اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا اور ہر شہری غمزدہ ہے۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ دھماکے کے فوری بعد تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہو گئے اور مشترکہ کارروائیاں کی گئیں۔
انہوں نے کہاکہ داعش کا پورا نیٹ ورک پکڑا گیا ہے، یہ جہاں زیادہ پیسہ ملے اس کےلیے کام کرتےہیں، اس وقعے کے بعد کوئی شک نہیں رہا، ان سب کا گٹھ جوڑ ہے، دہشت گردوں کی 21 بین الاقوامی تنظیمیں افغانستان سےکام کررہی ہیں، خودکش حملے نے ہم سب کو ہلا دیا ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ میں واضح طورپر کہہ رہا ہوں دہشت گردوں کی فنڈنگ بھارت کررہا ہے، دہشت گردوں کی فنڈنگ، ٹارگٹس بھارت دے رہا ہے، بھارت پیچھے سے دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ میں دعویٰ کررہا ہوں ایک دن ہر ملک بتائے گا دہشت گردی کو کون اسپانسر کررہا ہے، ٹھیک ہے دنیا خاموش رہے نہ بولے، ایک دن دنیا بولےگی، میں دعویٰ کررہاہوں ایک دن ہرملک بتائے گا دہشت گردی کو کون اسپانسر کررہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ کوئی دوسرے ملک اس طرح جنازے اٹھائیں گے توپھر ان کو پتا چلےگا، جب دنیا میں دہشت گردی ہوگی تو پھر سب ملک کہیں گے بھارت دہشت گردی کررہا ہے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ افغانستان کے دہشت گرد اور ہمارے درمیان دیوار بنائی ہوئی ہے، یہ دیوار ہلکی سی کمزور ہوئی تو سب کو تکلیف ہوگی، بھارت جس کو 500 ڈالر دیتا تھا اب 1500 ڈالردیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں ارادہ ہے نائب وزیراعظم کو صورتحال پربریف کریں، ہمارے سفارتکار دنیا بھر میں بھارت کی دہشت گردی سے آگاہ کریں گے، بھارت چاہے 10گنا بجٹ بڑھا لے ہم دہشت گردی کو روکیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستا ن میں بی ایل اے ویڈیو بناتی ہے اس کی پروڈکشن دیکھ لیں، بی ایل اے کا کانٹینٹ بنتا ہے اور پھر واقعہ ہوجاتا ہے، واقعہ ہونے کے بعد بی ایل اے کا کانٹینٹ بھارتی میڈیا پر چلتا ہے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ شہدا کی فیلمیز کےلیے دعا گو ہیں، کل دھماکے کے بعد ہماری تمام ایجنسیز لیڈ میں نکلیں، کل کا دن پاکستان کے لئے بہت اداس تھا، کل رات آپریشن چل رہے تھے، ہم ساری رات جاگ رہےتھے۔
انھوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی کےپی نے واقعے میں ملوث تمام لوگوں کو گرفتار کرلیا، سی ٹی ڈی کےپی کی وجہ سے رات 3 بجے تک تقریبا تمام لوگ پکڑے گئے، دھماکے کے سہولتکار اور ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کیاگیا۔
دھماکے کے 4 سہولتکاروں کو گرفتار کیا گیا، حملے کا ماسٹر مائنڈ افغانی ہے وہ بھی پکڑا گیا، چھاپوں کے دوران ایک اہلکار شہید اور کچھ زخمی ہوئے، گرفتار افغانی ماسٹر مائنڈ کا تعلق داعش سے ہے۔
انھوں نے کہا کہ حملے کی منصوبہ بندی داعش افغانستان نے کی، حملے کی منصوبہ بندی اور ٹریننگ افغانستان میں ہوئی، حملہ آور کی ٹریول ہسٹری کی وجہ سے مجرمان تک پہنچے۔
محسن نقوی نے کہا کہ چاہے ٹی ٹی پی، افغان طالبان یا کوئی بھی ہو سب مل کر کام کررہے ہیں، دہشت گردوں نے پہلے بھی ریکی کی لیکن حملہ نہیں کرسکے، چاہے کےپی ہو یا بلوچستان ہم اس وقت حالت جنگ میں ہیں، ہمارے لیے اس وقت کمیونٹی انٹیلی جنس سب سے اہم ہے
انھوں نے کہا کہ شہری کسی بھی سرگرمی سے متعلق اداروں کو اطلاع دیں، دعوے سے کہتا ہوں اگر ایک دھماکا ہورہا ہے تو 99 روک بھی رہے ہیں، میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ ایک دھماکا ہوا ہے تو 99 روک بھی رہے ہیں۔
جن دھماکوں کو روکا جاتا ہے اس کو میڈیا میں ہائی لائٹ نہیں کیا جاتا، حملہ آوروں نے منصوبہ بندی سے کارروائی کی، ایسے دہشت گرد حملوں کو روکنے کےلیے اپنے سسٹمز کو بھی اپ گریڈ کرنا پڑےگا ۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہم جنازے اٹھا رہے ہیں دنیا خاموش ہے، جب ان کے جنازے اٹھیں گے تو یہ کہیں گے یہ بھارت کرارہا ہے۔





