صنعت کو ریلیف، عوام پر مزید بوجھ، بجلی پر نئے فکسڈ چارجز سامنے آ گئے

حکومت نے صنعتی صارفین کو بجلی کے نرخوں میں ریلیف دینے کے لیے گھریلو صارفین پر اضافی بوجھ ڈالنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اس سلسلے میں بجلی کے گھریلو صارفین پر ماہانہ 200 سے 675 روپے تک فکسڈ چارج عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے جس کے ذریعے تقریباً 125 ارب روپے اکٹھے کیے جائیں گے۔

پاور ڈویژن کے مطابق اس رقم سے صنعتی صارفین کو فی یونٹ 4 روپے تک ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

 فکسڈ چارج کا اطلاق لائف لائن صارفین کے علاوہ تقریباً تمام گھریلو صارفین پر ہوگاجبکہ لائف لائن صارفین وہ ہیں جو مستقل طور پر 100 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اس فیصلے کی منظوری وفاقی کابینہ نے 4 فروری کو دی تھی، فیصلے کے نتیجے میں 106 ارب روپے ٹیرف اور 19 ارب روپے سیلز ٹیکس کی مد میں حاصل ہوں گے جس سے صنعتی صارفین پر عائد کراس سبسڈی کم کی جا سکے گی اور آئی ایم ایف سے طے شدہ سبسڈی اہداف بھی متاثر نہیں ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: صارفین کے لیے خوشخبری: بجلی کے ٹیرف اور چارجز میں ردوبدل

پاور ڈویژن نے کابینہ کی منظوری کے بعد اس فیصلے سے متعلق درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں جمع کرا دی ہے جس پر نیپرا 10 فروری کو سماعت کرے گا۔

Scroll to Top