عمران خان کے حوالے سے وزیر مملکت کا بڑا بیان

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی رائے کے بارے میں حتمی فیصلہ تو معلوم نہیں، لیکن ان کی ذاتی رائے کے مطابق بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے جمعرات کو ملاقات ممکن ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ عدالتوں کو کسی فرد واحد کے بجائے آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کرنا چاہیے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا معاملہ سنجیدگی سے زیر غور ہے اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ بانی کو شوقیہ یا غیر ضروری طور پر جیل میں نہیں رکھا گیا، بلکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کے مطابق سزا ہوئی ہے۔

بیرسٹر عقیل ملک نے مزید کہا کہ بانی سے ملاقات کا معاملہ پی ٹی آئی نے عدالت میں اٹھایا ہے، اور عوام نے 8 فروری کو پارٹی کی کال کو مسترد کرکے واضح کر دیا کہ وہ کسی غیر قانونی احتجاج میں شامل نہیں ہوئے۔

وزیر مملکت کے مطابق یہ احتجاج بے وقعت تھا اور عوام نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی۔

یہ بھی پڑھیں : پاک بھارت ٹاکرا برقرار، سری لنکن صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا

انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی ریاستی ادارے قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے عوام کے حقوق اور امن و امان کو یقینی بنائیں گے۔

بیرسٹر عقیل ملک نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو آئین و قانون کے مطابق کام کرنا چاہیے تاکہ کسی بھی قسم کی غیر ضروری کشیدگی سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top