کرک میں افسوسناک واقعہ: باپ اور بیٹے سمیت تین افراد جان کی بازی ہار گئے

ڈی آئی خان: کر ک کے جندری علاقے میں دیرینہ دشمنی کے باعث ہونے والی فائرنگ کے واقعے میں باپ اور بیٹے سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ فائرنگ کا سلسلہ اچانک شروع ہوا اور ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے انتظامات مکمل کیے گئے۔

ڈی آئی خان پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید تحقیقات جاری ہیں اور قاتلوں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

مقامی لوگ واقعے سے شدید خوفزدہ ہیں اور حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس قسم کے واقعات کا سدباب کیا جائے۔

پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشتبہ شخص کے بارے میں معلومات فراہم کریں تاکہ قاتل جلد از جلد گرفتار ہو سکیں اور مزید خونریزی روکی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور: اپنے ہی شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کرنے والا دلہا گرفتار

جبکہ دوسری جانب پشاور میں پولیس نے افسرانِ بالا کی خصوصی ہدایات پر ہوائی فائرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں تھانہ ارمڑ پولیس نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے اپنے ہی شادی کی تقریب میں غیر قانونی فائرنگ کرنے والے دلہا کو موقع پر گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ڈی ایس پی رحمان بابا سرکل محمد علی خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ ارمڑ خالد آفریدی اور انچارج چوکی شمشتو خان نے دیگر پولیس نفری کے ہمراہ اوچ نہر میں یہ کارروائی کی۔ گرفتار ملزم کی شناخت یاسین ولد عنایت اللہ سکنہ اوچ نہر کے طور پر کی گئی ہے۔

کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے اسلحہ پستول بھی برآمد کیا گیا ہے، اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں سے نہ صرف عوام کی جانوں کو خطرہ لاحق ہوتا ہے بلکہ قانون کی خلاف ورزی بھی ہوتی ہے۔

کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ہوائی فائرنگ ایک جان لیوا اور سنگین جرم ہے۔

Scroll to Top