ٹی 20 ورلڈ کپ کے 12 ویں میچ میں پاکستان نے امریکا کو 32 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری فتح حاصل کر لی۔
کولمبو میں کھیلے گئے اس مقابلے میں پاکستان کے 191 رنز کے ہدف کے تعاقب میں امریکی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز ہی بنا سکی۔ شاندار بیٹنگ پر صاحبزادہ فرحان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
امریکا کی جانب سے شایان جہانگیر نے 49 رنز کی اننگز کھیلی جو ٹیم کو فتح نہ دلا سکی، جبکہ شبھم رنجنے 51 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ امریکی کپتان مونانک پٹیل صرف 3 رنز بنا سکے، جبکہ ملند کمار 29 رنز بنا کر عثمان طارق کا شکار بنے۔
پاکستانی بولرز میں عثمان طارق نمایاں رہے جنہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ شاداب خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز اسکور کیے تھے۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 41 گیندوں پر 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں چھ چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔
بابر اعظم نے 32 گیندوں پر 46 رنز بنائے، صائم ایوب 19 رنز بنا سکے جبکہ کپتان سلمان علی آغا صرف ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے۔
شاداب خان نے 30 رنز کی تیز اننگز کھیلی، محمد نواز 5 رنز تک محدود رہے، فہیم اشرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عثمان خان بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہو گئے۔
امریکا کی جانب سے شیدلے وین نے چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد محسن اور ہرمیت سنگھ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
میچ کے لیے امریکا نے علی خان کی جگہ پاکستان کے سابق فاسٹ بولر احسان عادل کو ٹیم میں شامل کیا، جبکہ پاکستان نے پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے سلمان مرزا کی جگہ اسپنر عثمان طارق کو موقع دیا۔





