اورکزئی میں پائیدار امن کیلئے نئی حکمت عملی، اعلیٰ حکام کا بڑا فیصلہ

کوہاٹ: ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ ریجن عرفان طارق خان اور کمشنر کوہاٹ ڈویژن معتصم باللہ نے ضلع اورکزئی کا اہم دورہ کیا جہاں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک مشترکہ جرگہ منعقد کیا گیا۔

جرگے میں اپر اور لوئر اورکزئی سے تعلق رکھنے والے اہل سنت اور اہل تشیع کے معزز مشران اور علماء کرام نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اورکزئی شوکت علی اور ڈپٹی کمشنر عرفان الدین بھی موجود تھے۔

اجلاس میں علاقے میں پائیدار امن کے قیام، بھائی چارے کے فروغ، باہمی احترام اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ریجنل پولیس آفیسر عرفان طارق خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع اورکزئی میں امن کا قیام مشترکہ ذمہ داری ہے جس کے لیے پولیس، ضلعی انتظامیہ اور عوام کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے عمائدین کا مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ہی دیرپا امن کی بنیاد بن سکتا ہے۔ پولیس عوام کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

کمشنر کوہاٹ ڈویژن معتصم باللہ نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح علاقے میں امن، ترقی اور عوامی فلاح کو یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے مشران پر زور دیا کہ وہ باہمی غلط فہمیوں کے خاتمے، برداشت اور اتحاد کے فروغ میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں تاکہ علاقے میں استحکام برقرار رہے۔

یہ بھی پڑھیں : رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے 18 فروری کو پشاور میں اجلاس طلب

ڈی پی او شوکت علی نے بتایا کہ پولیس امن و امان کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور حساس مقامات پر سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی عملداری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

جرگے میں شریک مشران نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع اورکزئی میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھی جائیں گی۔

افسران نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار امن کے لیے تمام مکاتب فکر کے درمیان اتحاد اور باہمی احترام ناگزیر ہے، جبکہ پولیس اور انتظامیہ علاقے میں پرامن ماحول برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

Scroll to Top