پشاور پولیس کی کامیاب کاروائی، دو مشہور بدنام زمانہ سنیچرز ہلاک

پشاور: پشاور میں بڑھتی ہوئی لوٹ مار، سنیچنگ اور قتل کی وارداتوں میں ملوث دو انتہائی خطرناک ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت گل مست اور منظور کے ناموں سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق فقیر آباد کے علاقے میں ناکہ بندی کے دوران مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کا اشارہ کیا گیا، لیکن ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس نے بھی بروقت جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دونوں ملزمان ہلاک ہو گئے۔ خوش قسمتی سے تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز انہی ملزمان نے موبائل چھیننے کی واردات کے دوران ابوبکر صدیق نامی نوجوان پر فائرنگ کی تھی، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا تھا۔

اس واقعے کے بعد فقیر آباد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے اور ملزمان کا تعاقب شروع کیا۔

پولیس نے بتایا کہ ہلاک ملزمان شہر بھر میں درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھے اور ان کے خلاف متعدد مقدمات درج تھے۔ واقعے کے بعد مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

علاقہ مکینوں نے پولیس کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی موجودگی کی وجہ سے شہری شدید خوف کا شکار تھے، اور ان کی ہلاکت کے بعد علاقے میں اطمینان کی فضا قائم ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر: ذکریا مارکیٹ میں بی آئی ایس پی دفتر کے قریب دھماکا، کوئی جانی نقصان نہیں

جبکہ دوسری جانب ضلع خیبر کی ذکریا مارکیٹ میں رات گئے ایک زور دار دھماکے کا واقعہ پیش آیا، جو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی فرنچائز کے قریب ہوا۔

پولیس نے تصدیق کی ہے کہ دھماکہ بارودی مواد پھٹنے کے باعث ہوا، جس سے فرنچائز کو جزوی نقصان پہنچا، تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

پولیس حکام کے مطابق دھماکے کی وجہ سے مارکیٹ میں خوف و ہراس پھیل گیا، لیکن چونکہ واقعہ رات گئے پیش آیا اور مارکیٹ بند تھی، اس لیے کوئی زخمی یا ہلاکت نہیں ہوئی۔

علاقہ مکینوں نے بتایا کہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی، جس سے محلے میں شدید خوف و ہراس پایا گیا۔

پولیس نے فوری طور پر جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور متاثرہ جگہ کو محفوظ کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

پولیس ذرائع نے مزید کہا کہ ابتدائی طور پر یہ دھماکہ محدود نوعیت کا معلوم ہوتا ہے، لیکن حادثے کی مکمل وجوہات معلوم کرنے کے لیے تفصیلی تفتیش جاری ہے۔

واقعے کے بعد سیکورٹی اہلکار علاقے میں موجود ہیں تاکہ مارکیٹ اور قریبی دکانوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے اور عوام کو محفوظ رکھا جائے۔

Scroll to Top