عمران خان کی صحت سے متعلق رپورٹ تشویشناک، معاملات کو سیاست سے بالاتر رکھا جائے، ایمل ولی خان

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق پیش کی گئی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بحیثیت سیاسی کارکن یہ صورتحال باعثِ تشویش ہے اور یہ نہ حکومت اور نہ ہی ریاست کے لیے نیک شگون ہے۔

اپنے بیان میں ایمل ولی خان نے کہا کہ اے این پی ہمیشہ اصولی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور جماعت کو ماضی میں سب سے زیادہ سیاسی طور پر توڑنے اور دبانے کی کوششوں کا سامنا رہا ہےتاہم اس کے باوجود پارٹی نے جمہوری اقدار اور آئین کی بالادستی کا ساتھ نہیں چھوڑا۔

ایمل ولی خان نے کہا کہ جب نواز شریف اور ان کے خاندان کے ساتھ اسی نوعیت کا رویہ اختیار کیا جا رہا تھا تو اے این پی نے اس کی بھی کھل کر مخالفت کی تھی، آج اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے معاملات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے تو اے این پی اس کے بھی خلاف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صحت اور گھریلو معاملات کو سیاست سے بالاتر رکھا جانا چاہیے اور کسی بھی سیاسی مخالف کے خاندان یا اس کی صحت کو نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔

اے این پی کے سربراہ نے مطالبہ کیا کہ آئین اور قانون کی بالادستی کو یقینی بناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کو وہ تمام سہولیات فراہم کی جائیں جو بنیادی حقوق کے تحت آتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے عمران خان کی صحت سے متعلق درخواست پر اہم ہدایات جاری کر دیں

ایمل ولی خان کا مزید کہنا ہے کہ سیاست کو انتقام یا ذاتی دشمنی کے بجائے جمہوری اصولوں، آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر آگے بڑھایا جائے بصورتِ دیگر معاشرے میں تلخیاں بڑھیں گی اور جمہوری نظام مزید کمزور ہوگا۔

Scroll to Top