ٹانک،ایف سی کی گاڑی پر ریموٹ دھماکہ، 2 اہلکار شہید، 5 زخمی، سرچ آپریشن جاری
تھانہ گومل کے حدود، کوٹ حکیم کے قریب ایک سنگین واقعہ پیش آیا جب فرنٹیئر کور (ایف سی) کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول دھماکہ کیا گیا، جس کے بعد نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ریموٹ کنٹرول دھماکے میں دو ایف سی اہلکار شہید جبکہ نائب صوبیدار زاہد سمیت پانچ اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ حملہ آوروں کو گرفتار کیا جا سکے۔ مزید تفصیلات کے لیے تفتیش جاری ہے، اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں اضافی نفری تعینات کر دی ہے۔
سرکاری حکام نے عوام سے ہدایت کی ہے کہ مشکوک افراد یا سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر سیکیورٹی اداروں کو دی جائے۔ اس واقعے سے ظاہر ہوتا ہے کہ شدت پسند عناصر اب بھی شہری علاقوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔





