ملک بھر کے تمام بینکوں میں عام تعطیل کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ یکم رمضان المبارک 1447 ہجری کو ملک بھر کے سرکاری اور نجی بینک عوامی لین دین کے لیے بند رہیں گے۔ یہ تعطیل زکوٰۃ کی کٹوتی کے سلسلے میں دی گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام بینک، ترقیاتی مالی ادارے اور مائیکروفنانس بینک یکم رمضان کو عوامی لین دین کے لیے بند رہیں گے۔

تاہم بینکوں، ترقیاتی مالی اداروں اور مائیکروفنانس بینکوں کے ملازمین معمول کے مطابق دفاتر میں حاضر رہیں گے، جبکہ عوامی لین دین میں شامل عملے کو اس دن چھٹی دی جائے گی۔

رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس بدھ کو پشاور میں منعقد ہوگا، جبکہ دیگر علاقوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوں گے۔

زونل کمیٹیاں اپنی جانب سے چاند کی شہادتیں جمع کر کے مرکزی کمیٹی کو فراہم کریں گی، جس کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مشاورت کے بعد باضابطہ اعلان کریں گے کہ یکم رمضان کب ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں : حساس مقامات، سرکاری عمارات اور رمضان سیکیورٹی کے لیے آئی جی پی کے سخت احکامات جاری

اسٹیٹ بینک نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ یکم رمضان کے دن اپنے بینک کے امور پہلے سے مکمل کر لیں تاکہ تعطیل کے دن کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔

مزید یہ کہ رمضان کے آغاز سے قبل زکوٰۃ کی کٹوتی اور دیگر مالی لین دین کی تیاری یقینی بنائی جائے۔

Scroll to Top