رمضان کا چاند دیکھنےکیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج پشاور میں ہوگا۔

اسپارکو کے ترجمان کے مطابق پہلا روزہ 19 فروری بروز جمعرات ہونے کا امکان ہے ، نئے چاند کی پیدائش ہوچکی ہے ، آج غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمرتقریباً 25 گھنٹے اور 48 منٹ ہوگی، چاند آنکھ سے نظر آنے کا امکان ہے۔

رمضان کے چاند کی رویت کا حتمی اعلان چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے ۔

یاد رہے کہ سعودی عرب سمیت عرب ممالک میں آج پہلا روزہ ہے، مسجدالحرام اور مسجد نبوی میں پہلی تراویح ادا کی گئی، اس دوران ہزاروں زائرین، نمازیوں کا روح پرور اجتماع دیکھنے کو ملا۔

دنیا بھر سے آئے ہزاروں مسلمان بارگاہ الہیٰ میں سجدہ ریز ہوئے ، ماہ رمضان پانے پر شکر اور مغفرت کی دعائیں مانگیں۔

ادھر برطانیہ اور یورپ میں مسلم کمیونٹی اس سال بھی تقسیم نظرآئی۔ کلینڈر کی تقلید کرنے والوں کا آج اور رویت کو ماننے والوں کا جمعرات کو پہلا روزہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب میں رمضان کا چاند نظر آ گیا

یاد رہے کہ سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا ہے اور سعودی سپریم کورٹ نے اس کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔

اس اعلان کے مطابق سعودی عرب میں کل، یعنی 18 فروری، پہلا روزہ ہوگا۔

دوسری جانب ترکی میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے مطابق ترک حکام کے اعلان کے مطابق وہاں پہلا روزہ 19 فروری، جمعرات سے شروع ہوگا۔

عین اسی دن عمان میں بھی رمضان المبارک کا آغاز ہوگا، حکام نے تصدیق کی ہے۔

انڈونیشیا میں سرکاری میڈیا کے مطابق رمضان کا چاند نظر نہیں آیا، اور پہلا روزہ 19 فروری، جمعرات کو ہوگا۔ اسی طرح ملائیشیا اور برونائی میں بھی رمضان کا چاند نظر نہیں آیا اور وہاں پہلا روزہ 19 فروری کو ہی ہوگا۔ سنگاپور میں بھی رمضان المبارک کا آغاز 19 فروری سے متوقع ہے۔

Scroll to Top