لا گریجویٹ اسسمنٹ ٹیسٹ 2026 کا شیڈول جاری، رجسٹریشن کی تاریخوں کا اعلان

اسلام آباد: ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے لا-گریجویٹ اسسمنٹ ٹیسٹ (LAW-GAT) 2026 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

یہ امتحان پاکستان میں بطور وکیل (ایڈووکیٹ) رجسٹریشن کے خواہشمند قانون کے گریجویٹس کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ایچ ای سی کےایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل (ای ٹی سی) کے ذریعے منعقد کیے جانے والے اس امتحان کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز منگل 3 مارچ 2026 کو دوپہر 2 بجے سے ہوگا، جبکہ ٹیسٹ اتوار 5 اپریل 2026 کو منعقد کیا جائے گا۔ رجسٹریشن کی آخری تاریخ بھی 3 مارچ 2026 مقرر کی گئی ہے۔

ایچ ای سی کے مطابق وہ تمام امیدوار درخواست دینے کے اہل ہیں جنہوں نے ایچ ای سی یا پاکستان بار کونسل سے تسلیم شدہ کسی ملکی یا بین الاقوامی جامعہ سے ایل ایل بی یا مساوی ڈگری حاصل کر رکھی ہو۔

امتحان کا طریقہ کار اور اہلیت

لا-گریجویٹ اسسمنٹ ٹیسٹ کثیر الانتخابی سوالات (MCQs) پر مشتمل ہوگا۔ کامیابی کے لیے امیدوار کو 100 میں سے کم از کم 50 نمبر حاصل کرنا ضروری ہوں گے۔ ٹیسٹ کا مکمل نصاب اور فارمیٹ ایچ ای سی کے آفیشل پورٹل سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔

ای ٹی سی ملک کے تمام بڑے شہروں میں ہر سہ ماہی بنیاد پر یہ امتحان منعقد کرتا ہے، جس کے تحت امیدوار اپنی سہولت کے مطابق امتحانی مرکز منتخب کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : امریکا میں امن کانفرنس، غزہ کی تعمیرِ نو کے لیے بڑا مالی پیکج متوقع

تاہم جن مراکز پر رجسٹریشن کروانے والے امیدواروں کی تعداد 250 سے کم ہوگی، انہیں ای ٹی سی کی صوابدید پر کسی دوسرے مرکز پر منتقل کیا جا سکتا ہے۔

کن امیدواروں کو اجازت نہیں ہوگی؟

ایچ ای سی کے اعلامیے کے مطابق وہ امیدوار جو پہلے ہی یہ ٹیسٹ پاس کر چکے ہیں، یا سات بار امتحان دینے کی کوشش کر چکے ہیں، اس بار درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے۔ اسی طرح وہ طلبہ جو ابھی ایل ایل بی پروگرام میں زیر تعلیم ہیں، وہ بھی اس امتحان کے لیے اپلائی نہیں کر سکتے۔

ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ ٹیسٹ کے شیڈول میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کی صورت میں تازہ ترین معلومات سرکاری ویب سائٹ پر فراہم کر دی جائیں گی۔

قانون کے شعبے سے وابستہ گریجویٹس کے لیے یہ امتحان پیشہ ورانہ زندگی کا ایک اہم مرحلہ تصور کیا جاتا ہے، کیونکہ اسی کے ذریعے پاکستان میں بطور وکیل باقاعدہ رجسٹریشن ممکن ہوتی ہے۔

Scroll to Top