پشاور: وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے رواں سال موسم بہار میں شہری علاقوں میں شجرکاری مہم کے لیے خصوصی احکامات جاری کر دیے۔
وزیر اعلی سیکریٹریٹ سے محکمہ جنگلات، ماحولیات اور بلدیات کو اس حوالے سے مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔
مراسلے میں ہدایت دی گئی ہے کہ شجرکاری کے عمل میں موسمیاتی، ماحولیاتی، جمالیاتی، معاشی اور سماجی پہلوؤں کو مدنظر رکھا جائے۔
اس مقصد کے لیے ان علاقوں میں مقامی آب و ہوا اور موسمیاتی اثرات سے مطابقت رکھنے والے پودے لگانے پر زور دیا گیا ہے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسے پودے منتخب کیے جائیں جنہیں زیادہ دیکھ بھال کی ضرورت نہ ہو اور جو حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی استحکام کے لیے مفید ثابت ہوں۔
شہری علاقوں میں جگہ کی قلت اور ماحولیاتی آلودگی کے پیش نظر چھوٹے پودوں کے بجائے بڑے سائز کے درخت لگانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
شجرکاری مہم کے تحت عوامی پارکوں، باغات، چوراہوں، سڑکوں اور نہروں کے کناروں پر زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ زیادہ گنجان آباد علاقوں میں “میاواکی پلانٹیشن” اور “ورٹیکل فارسٹ” کے طریقہ کار اپنانے کی سفارش کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن، نیب کا وزیراعلیٰ گنڈاپور کے خلاف تحقیقات کا آغاز
محکمہ بلدیات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام سرکاری زمینوں اور کھلے مقامات کو شجرکاری کے لیے استعمال کرنے کو یقینی بنائے، جبکہ میونسپل حکام نئے اور جاری ترقیاتی منصوبوں میں شجرکاری کی شرائط پر سختی سے عملدرآمد کریں۔
وزیر اعلی کے احکامات پر مؤثر عملدرآمد کے لیے مانیٹرنگ کا نظام بھی وضع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ محکمہ جنگلات اور بلدیات کو اربن پلانٹیشن مہم پر پیشرفت، درختوں کی دیکھ بھال اور دیگر امور سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ اس منصوبے کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔