خیبرپختونخوا کے اساتذہ کے سی پی فنڈ اور جی پی فنڈ/پنشن سے متعلق اہم معاملے میں صوبائی کابینہ نے حتمی فیصلہ آنے تک کسی بھی منفی یا تادیبی کارروائی روک دی ہے۔
محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے اس سلسلے میں محکمہ خزانہ کو مراسلہ ارسال کیا ہے، جس میں واضح کیا گیا کہ 27 جنوری 2026 کو محکمہ خزانہ کی طرف سے بھیجے گئے خط کے تناظر میں یہ معاملہ 36 ویں صوبائی کابینہ اجلاس میں زیر غور ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حتمی سفارشات پیش ہونے تک کسی بھی قسم کی کارروائی نہیں کی جائے گی، اور اساتذہ کے حقوق اور سرکاری مالیاتی ضوابط کے درمیان ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے سی پی فنڈ اور جی پی فنڈ/پنشن کے درمیان مالی ذمہ داریوں اور طریقہ کار کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اساتذہ کی ریگولرائزیشن اور سی پی فنڈ کے امور پر 26 اگست 2025 کو ہونے والے 36 ویں صوبائی کابینہ اجلاس میں تفصیلی بحث کی گئی تھی، اور کابینہ نے محکمہ تعلیم کو ہدایت کی تھی کہ قانونی اور مالیاتی مضمرات کا مکمل جائزہ لے کر حتمی سفارشات پیش کی جائیں۔
محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ حتمی فیصلہ آنے تک متعلقہ اقدامات مؤخر رکھے جائیں، تاکہ اساتذہ کے حقوق متاثر نہ ہوں اور مالیاتی ضوابط کے مطابق مکمل شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔





