سید آغا راحت الحسینی حسینی کی عوامِ گلگت بلتستان سے اپیل: احتجاج کو پرامن اور منظم رکھیں، قومی اداروں کا تحفظ ہر شہری کی ذمہ داری ہے
گلگت بلتستان کے باشعور عوام اور بالخصوص مومنینِ کرام سے خطاب میں سید آغا راحت الحسینی حسینی نے موجودہ نازک حالات کے دوران صبر، بردباری اور شعور کی ضرورت پر زور دیا۔
سید آغا راحت الحسینی نے کہا کہ احتجاج ہر شہری کا آئینی و جمہوری حق ہے اور ہم اپنے جذبات اور موقف کو ہمیشہ پرامن انداز میں ریکارڈ کروائیں گے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری املاک اور قومی اداروں کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش سے مکمل اجتناب کیا جائے، کیونکہ یہ ادارے ہمارے اپنے ہیں اور پاکستان ہمارا وطن ہے، جس کی حفاظت ہم سب پر فرض ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا اختلاف کسی ریاستی ادارے یا ملک سے نہیں بلکہ اُن عناصر اور سہولت کاروں سے ہے جو بیرونی ایجنڈوں کو آگے بڑھاتے ہیں۔ انہوں نے تمام مومنین اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ احتجاج کو پرامن، منظم اور قانونی دائرے میں رکھیں، کسی اشتعال انگیزی کا حصہ نہ بنیں، اور ایسے عناصر سے ہوشیار رہیں جو انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔
سید آغا راحت الحسینی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو محفوظ رکھے، گلگت بلتستان میں امن قائم رکھے اور عوام کو حق پر ثابت قدم رکھے۔





