پاکستان جنگ میں ثالثی کر رہا ہے ،امریکی نمائندہ خصوصی وِٹکوف کی تصدیق

پاکستان نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایک اہم سفارتی کردار ادا کرتے ہوئے ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کی ہے جس کی پہلی بار باضابطہ تصدیق سامنے آئی ہے۔

امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف نے کہا ہے کہ امریکہ نے امن معاہدے کے فریم ورک کے لیے ایران کو 15 نکاتی تجاویز پیش کی ہیں، جو پاکستان کے ذریعے تہران تک پہنچائی گئی ہیں۔ ان کے مطابق اگر ایران کو ان تجاویز پر آمادہ کر لیا جائے تو یہ بہترین ممکنہ حل ہوگا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ کو مضبوط اشارے مل رہے ہیں کہ کسی معاہدے تک پہنچنے کے امکانات روشن ہیں، جو نہ صرف ایران بلکہ پورے خطے کے لیے مثبت ثابت ہوگا۔

دوسری جانب پاکستان کے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے تصدیق کی ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ بات چیت جاری ہے، جس میں پیغامات کا تبادلہ پاکستان کے ذریعے ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران امریکی 15 نکات پر غور کر رہا ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے فعال سفارتی کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ ترکیہ اور مصر سمیت دیگر ممالک بھی اس سفارتی عمل اور مذاکرات کی حمایت کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ پر تیل کے سودوں سے اربوں ڈالر کمانے کے الزامات، برطانوی رکن پارلیمنٹ کی تحقیقات کا مطالبہ

انہوں نے مزید کہا کہ امن مذاکرات کے حوالے سے غیر ضروری قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، جبکہ موجودہ بحران کے حل کے لیے مکالمہ اور سفارت کاری ہی واحد راستہ ہے۔

Scroll to Top