معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان کا عمران خان کی رہائی سے متعلق اہم اعلان

معاونِ خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے “عمران خان رہائی امن موومنٹ” کی ممبر سازی مہم سے متعلق اہم بیان جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ مہم کا باضابطہ آغاز آج ایک خصوصی تقریب میں کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ افتتاحی تقریب پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگی، جس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، پارٹی قیادت اور کارکنان کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ شفیع جان کے مطابق مہم کے پہلے مرحلے میں خیبرپختونخوا بھر میں 272 کیمپس قائم کیے جائیں گے، جبکہ اس عمل کی نگرانی کے لیے ایک ڈیجیٹل ڈیش بورڈ بھی متعارف کرایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ممبر سازی مہم کو مرحلہ وار پنجاب، سندھ اور بلوچستان تک توسیع دی جائے گی، جہاں کارکنان بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایک لاکھ ممبران کی رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد باقاعدہ حلف برداری کی تقریب منعقد کی جائے گی، جبکہ مہم کا مجموعی ہدف 10 لاکھ ممبران تک پہنچنا ہے۔

شفیع جان نے واضح کیا کہ یہ موومنٹ مکمل طور پر پُرامن، آئینی اور جمہوری جدوجہد کی عکاس ہوگی۔ ان کے مطابق عمران خان نے ہمیشہ کارکنوں کو پُرامن سیاسی جدوجہد کا درس دیا ہے اور پارٹی اسی فلسفے پر کاربند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے فروغ پر یقین رکھتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور ہائیکورٹ نے افغان مہاجرین کی ملک بدری سے متعلق اہم فیصلہ سنا دیا

انہوں نے مزید کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لیے تمام آئینی اور قانونی راستے اختیار کیے جا رہے ہیں، تاہم ان کے بقول سیاسی انتقام کے تحت عمران خان کو اہل خانہ، وکلاء اور پارٹی قیادت سے ملاقاتوں سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ شفیع جان نے الزام عائد کیا کہ پنجاب حکومت جیل مینوئل کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہے اور وفاق و پنجاب میں موجود حکمران آئین و قانون کو نظر انداز کر رہے ہیں۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی عملداری کو یقینی بنانا ناگزیر ہے اور پاکستان تحریک انصاف کی پُرامن سیاسی و قانونی جدوجہد آئین، قانون اور جمہوریت کی بالادستی تک جاری رہے گی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ عمران خان کی رہائی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

Scroll to Top