نادرا کو شناختی کارڈ 60 روز کیلئے بلاک کرنے کا اختیار، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے نادرا ترمیمی بل کی منظوری دے دی

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں اہم بل کی منظوری دے دی گئی ہے جس کے تحت نادرا کسی بھی شہری کا شناختی کارڈ 60 روز کے لیے بلاک کر سکے گا۔

بل کا یہ مسودہ حتمی منظوری کے لیے سینیٹ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

وزارت داخلہ کا اس حوالے سے موقف ہے کہ شناختی کارڈ ایک حساس اور نیشنل سیکیورٹی دستاویز ہے اور اس کا غلط استعمال ملکی سیکیورٹی اور معیشت کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ متعلقہ قانون نہ ہونے کی وجہ سے نادرا کو سنگین آپریشنل رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

حکام کے مطابق جرائم پیشہ افراد قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے مختلف بہانے بناتے ہیں اور اتھارٹی کو اپنا موقف دینے کے بجائے جان بوجھ کر انکوائری سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس نئی ترمیم کے ذریعے نادرا کو یہ اختیار حاصل ہو جائے گا کہ وہ کسی بھی شخص کا شناختی کارڈ بلاک کر سکے۔

Scroll to Top