کاشف الدین سید
خیبر پختونخوا پولیس ایکٹ 2026ء میں ممکنہ تبدیلیوں، اختیارات میں کمی اور دیگر انتظامی اقدامات پر سینئر پولیس افسران نے شدید تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گریڈ 18 سے گریڈ 20 تک کے پولیس افسران نے مجوزہ اصلاحات کے حوالے سے اپس میں مشاورت شروع کر دی ہے اور متعدد سینئرز نے اس پر گہرے خدشات ظاہر کیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر مجوزہ ایکٹ کے تحت وزیراعلیٰ کو اضافی اختیارات منتقل کر دیے گئے اور آئی جی پولیس کے اختیارات میں کمی کی گئی، تو متعدد سینئر افسران صوبہ چھوڑنے پر بھی غور کر رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان پولیس سروس (PSP) گروپ کے بعض افسران نے ایف آئی اے اور فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) میں جانے کی خواہش ظاہر کی ہےجبکہ صوبے میں تعینات بعض ڈی پی اوز بھی پنجاب اور اسلام آباد میں تبادلوں کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق بڑھتی ہوئی سیاسی مداخلت اور ممکنہ ادارہ جاتی تبدیلیوں کے باعث افسران میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہےجس سے نہ صرف صوبے میں اعلیٰ افسران کی کمی کا خدشہ ہے بلکہ ایک نیا انتظامی خلا بھی پیدا ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا پولیس ایکٹ میں اہم تبدیلیاں، تفصیلات سامنے آگئیں
ذرائع نے کا مزید کہنا ہے کہ افسران کے ممکنہ تبادلوں اور صوبہ چھوڑنے سے خیبر پختونخوا میں امن و امان کی مجموعی صورتحال شدید متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔





