ایران،امریکاکےدرمیان ثالثی کیلئےپاکستان کرداراداکررہاہے،خواجہ آصف

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے اور اس عمل میں شامل ہونا پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

 خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنی 78 سالہ تاریخ میں ایک منفرد اور اہم مقام حاصل ہوا ہے، جہاں دونوں فریقین اسلام آباد پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اعتماد پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی ہے، کیونکہ ایک جانب ایران کے ساتھ صدیوں پر محیط برادرانہ تعلقات ہیں، جبکہ دوسری جانب سپر پاور امریکا بھی پاکستان کے کردار کو تسلیم کر رہا ہے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ خلیجی ممالک سمیت دیگر علاقائی طاقتیں بھی پاکستان پر اعتماد کر رہی ہیں، تاہم ثالثی کے نتائج کے حوالے سے فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال کو امت مسلمہ کے لیے ایک آزمائش قرار دیتے ہوئے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں اہم سفارتی سرگرمیاں، پاکستان امن کے لیے متحرک، چار فریقی وزرائے خارجہ کا اجلاس آج ہو گا

خواجہ آصف نے کہا کہ اگر بیرون ملک سے وفود پاکستان کا رخ کر رہے ہیں تو یہ ملک کی سفارتی کامیابی کا مظہر ہے۔ انہوں نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسے ایک سال قبل جنگ میں ہزیمت اٹھانا پڑی اور اس وقت وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی کامیابی کو پوری دنیا نے تسلیم کیا، اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی متعدد مواقع پر پاکستان کی کامیابی کا ذکر کرتے رہے ہیں۔ خواجہ آصف نے اسرائیل اور بھارت پر بددیانتی اور بغض کا الزام بھی عائد کیا۔

Scroll to Top