پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا میں 6 سے 9 اپریل تک متوقع بارشوں کے پیشِ نظر سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے جبکہ دریائے کابل سے منسلک ندی نالوں میں بھی طغیانی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے کوہاٹ توئی، دریائے کرم اور دریائے گومل میں فلیش فلڈنگ کی پیشگوئی کی ہے جبکہ صورتحال کے پیشِ نظر پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مہمند، بنوں، کوہاٹ، کرم اور ڈی آئی خان کے ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں اور حساس مقامات کی فوری نشاندہی کریں اور ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر وہاں سے آبادی کا بروقت انخلا یقینی بنائیں۔ مقامی آبادی اور سیاحوں کو دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے اور سیر و تفریح سے گریز کرنے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔
حکام نے ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کو عملہ اور مشینری کے ساتھ تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔ مویشی پال حضرات کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے جانور محفوظ مقامات پر منتقل کر لیں۔ اس کے علاوہ حساس علاقوں میں گاڑیوں کی نقل و حرکت محدود رکھنے اور متاثرین کے لیے طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کو کہا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو دریاؤں کی مسلسل نگرانی کرنے اور ہر 6 گھنٹے بعد رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ عوام کی رہنمائی کے لیے پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل فعال ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔





