لاہور میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ 2026 کے 14ویں میچ میں ملتان سلطانز نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے راولپنڈیز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
راولپنڈیز کی جانب سے دیے گئے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سلطانز کے بیٹرز نے جارحانہ انداز اپنایا اور مطلوبہ اسکور محض 16.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
سلطانز کی جیت میں صاحبزادہ فرحان نے کلیدی کردار ادا کیا جنہوں نے 38 گیندوں پر 5 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جبکہ جوش فلپ نے بھی 30 گیندوں پر 56 رنز کی برق رفتار اننگز سے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔
کپتان شان مسعود 27 اور ایشٹن ٹرنر 26 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔
راولپنڈیز کے بولرز ہدف کے دفاع میں مکمل طور پر ناکام نظر آئے جہاں صرف محمد عامر 2 اور محمد عامر خان ایک وکٹ حاصل کر سکے۔
اس سے قبل راولپنڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 182 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔
راولپنڈیز کی جانب سے سیم بلنگ 56 اور کامران غلام 35 رنز بنا کر نمایاں رہے تاہم سلطانز کے بولرز نے وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کر کے اسکور کو محدود رکھا۔
ملتان سلطانز کی جانب سے نوجوان بولر فیصل اکرم نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ عرفات منہاس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔





